Naushad Ahmad Kareemi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو نہیں جانتا ہوں خلق خدا پوچھتی ہے (غزل)
جو نہیں جانتا ہوں خلق خدا پوچھتی ہے
مجھ سے ہر موڑ پہ اب میرا پتا پوچھتی ہے
بے اماں دیکھ کے ٹوٹے ہوئے پتوں کی طرح
لے چلوں تجھ کو کدھر مجھ سے ہوا پوچھتی ہے
مجھ میں وہ کون سی شے ہے جو ہر اک پل مجھ سے
ہونا کب قید بدن سے ہے رہا پوچھتی ہے
دیکھ کر جس کو سبھی لوگ ہیں گھبرائے ہوئے
خیریت میری وہی راہ فنا پوچھتی ہے
منتظر کب سے مری تشنہ لبی تھی جس کی
وہ گھٹا مجھ سے سمندر کا پتہ پوچھتی ہے
ذرے ذرے کی زباں پر ہے کہانی میری
مجھ سے یہ دنیا مرے بارے میں کیا پوچھتی ہے
دشت ظلمت ہے مجھے شہر نگاراں نوشادؔ
حال دل مجھ سے ستاروں کی ضیا پوچھتی ہے
کہاں سے بنتے نئے روز تانے بانے ہم (غزل)
کہاں سے بنتے نئے روز تانے بانے ہم
نیا نیا یہ زمانہ ہے اور پرانے ہم
ہماری آنکھوں پہ غلبہ ہے نیند کا اب بھی
لگے ہوئے ہیں کئی روز سے ٹھکانے ہم
سبھی کھڑے تھے وہاں اپنی داستان لیے
جہاں جہاں گئے قصہ کوئی سنانے ہم
چڑھا ہوا ہے ابھی ہم پہ ہجرتوں کا نشہ
پلٹ کے آئیں گے اک دن کسی بہانے ہم
ہوا کے ڈر سے جو اپنے پروں میں سمٹے ہیں
انہیں پرندوں کو آئے ہیں اب اڑانے ہم
بہت دنوں سے تو اپنے حصار میں گم ہے
تجھے بھی آئیں گے اس قید سے چھڑانے ہم
سمجھ میں کچھ نہیں آتا کہ کیا ہوا نوشادؔ
لگے ہیں ان دنوں باتیں بہت بنانے ہم