پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Naseem Muzaffarpuri 1 کی غزلیں — Naseem Muzaffarpuri 1 Ghazals

Naseem Muzaffarpuri 1 کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

روشنی بن کر اندھیرے میں بکھر جاتا ہے کون (غزل)

روشنی بن کر اندھیرے میں بکھر جاتا ہے کون

رفتہ رفتہ ذہن کے اندر اتر جاتا ہے کون

منتشر ہوتا تو ہے لیکن سنور جاتا ہے کون

ریزہ ریزہ ہو کے بھی یکسر نکھر جاتا ہے کون

اپنی اپنی ضد پہ قائم ہیں ابھی دل اور دماغ

دیکھنا ہے وقت کی ٹھوکر سے ڈر جاتا ہے کون

جانتا ہوں میری مشکل کی دوا ہے تیرے پاس

مانگنے خیرات لیکن تیرے گھر جاتا ہے کون

سرحدیں مایوسیوں کی بڑھتی جاتی ہیں نسیمؔ

دامن امید اتنا تنگ کر جاتا ہے کون

ایک مدت ہو گئی غم سے شناسائی ہوئے (غزل)

ایک مدت ہو گئی غم سے شناسائی ہوئے

ہم اسے اپنا سمجھ کر اس کے شیدائی ہوئے

جب خلوص یار میں شامل تصنع ہو گیا

ہم بھی کیا کرتے اسیر دشت تنہائی ہوئے

فاصلوں نے قربتوں پر ڈال دی ہے خاک سی

ایک عرصہ ہو گیا ہے بزم آرائی ہوئے

کھل گئے یک لخت ان پر سب معانی حسن کے

ہم سے ملتے ہی وہ خود آگاہ رعنائی ہوئے

یوں جلا ڈالے تو تھے ہم نے تمہارے سب خطوط

کچھ کہ چہرے پر لکھے جو وجہ رسوائی ہوئے

ہم نے خوابوں میں بسا رکھا تھا جس کو اے نسیمؔ

کھینچ کر دامن وہی محو خود آرائی ہوئے

مرے جسم میں آگ ایسی لگی ہے (نظم)

مرے جسم میں آگ ایسی لگی ہے

جسے سیکڑوں کیا

ہزاروں سمندر بجھانے کو آئیں

تو بجھنے نہ پائے

مری روح کی رہ گزاروں پہ شعلے

لپکتی زبانوں کے کشکول لے کر

مرے جسم سے

خوں کا اک قطرۂ آرزو مانگتے ہیں

مگر جسم میرا تو خود ایک دریوزہ گر ہے

جو لمحہ بہ لمحہ

خود اپنی لگائی ہوئی آگ میں

جل رہا ہے

خیالوں کے سائے بھی

اک آتش غیر محسوس میں جل رہے ہیں

کوئی ہے

جو مجھ کو نجات اس تپش سے دلائے

جو میرے لئے ایک ایسا سمندر بتائے

جو کوئی بھی جاں دار و بے جان مخلوق کے لمس سے

آشنا تک نہیں ہو

جو خود اپنے درپن میں

شکل اپنی ہی دیکھ کر

جی رہا ہو

اگر تم کو ایسا سمندر ملے تو بتاؤ

کہ یہ آتش غیر محسوس

ایسے سمندر سے ہی بجھ سکے گی

کہاں ہے سمندر

کہ میں آتش لمس کی لذت غیر محدود سے

اب پگھلنے لگا ہوں

مزید غزلیں از Naseem Muzaffarpuri 1 ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں