Naseem Fatima Nazar Lakhnavi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ساون کی بھیگی بھیگی ہر اک رات بھی گئی (غزل)
ساون کی بھیگی بھیگی ہر اک رات بھی گئی
دل میں لگا کے آگ یہ برسات بھی گئی
یہ دوریاں تو اپنا مقدر ہی تھیں مگر
تھوڑی بہت جو تھی وہ ملاقات بھی گئی
آنکھوں میں کتنے خواب سنجوئے تھے رات بھر
ارماں کا خون کر کے حسیں رات بھی گئی
ملتے بھی ہیں تو جیسے تعلق ہی کچھ نہ ہو
اب تو وہ رسم پرسش حالات بھی گئی
اب اے نظرؔ ہے حد نظر تک غبار راہ
وہ کاروان زیست کی بارات بھی گئی
سکون دل جو میسر ہو زندگی کے لئے (غزل)
سکون دل جو میسر ہو زندگی کے لئے
بہت ہے اتنا بھی جینے کو آدمی کے لئے
ہے ذرے ذرے کی تنویر دعوت شعری
یہ کائنات ہے گویا کہ شاعری کے لئے
قصور اپنا تھا دل کی لگی سمجھ بیٹھے
دل اس نے صرف لگایا تھا دل لگی کے لئے
خوشی کا اوروں کی بھی ہر نفس خیال رہے
جئے بھی کیا جئے گر اپنی ہی خوشی کے لئے
تمام بزم اسی شمع سے منور ہے
ترس رہی ہے جو خود اپنی روشنی کے لئے
نظرؔ نہ ہوتی جو تکمیل عاشقی مقصود
تو ہاتھ بڑھتا نہ پھر اس کی دوستی کے لئے
محرم راز دل نواز ہے تو (نظم)
محرم راز دل نواز ہے تو
نغمۂ زندگی کا ساز ہے تو
کہاں پھولوں میں ایسی رعنائی
جیسی قدرت سے تو نے ہے پائی
تیرے دم سے ہے یہ جہاں گلزار
تو نے بخشی ہے اس چمن کو بہار
تو ہے اک پھول خوش نما شاداب
مہر و مہ کا ہے تو زمیں پہ جواب
تو نے دی اس چمن کو رعنائی
تو نے پھولوں کو بخشی زیبائی
قابل قدر ہے تری ہستی
لوگ کیوں تجھ پہ کرتے ہیں سختی
تو جہاں میں وفا کی دیوی ہے
شرم و خلق و حیا کی دیوی ہے
سختیاں کس قدر اٹھاتی ہے
حرف شکوہ نہ لب پہ لاتی ہے
رونق بزم کائنات ہے تو
اور سر چشمۂ حیات ہے تو
تو نہ ہوتی تو یہ جہان خراب
ہوتا دوزخ کا اس زمیں پہ جواب
اتنی مردوں کو دے خدا توفیق
قدر تیری کریں بنا کے رفیق