پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Naina Adil کی غزلیں — Naina Adil Ghazals

Naina Adil کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بارش خوشبو رنگ ہوا ہیں میں اور تو (غزل)

بارش خوشبو رنگ ہوا ہیں میں اور تو

خوابوں کا بے نام سرا ہیں میں اور تو

اپنا گھر ہے سات سروں کے آنگن میں

گیتوں کی آزاد فضا ہیں میں اور تو

منت کی اک ڈوری ہیں پیپل سے بندھی

جل میں بہتا ایک دیا ہیں میں اور تو

جس نے جنم دیا ہے ہر افسانے کو

بھولی بسری کوئی کتھا ہیں میں اور تو

ایک نویلا لفظ ہزاروں لفظوں میں

رنگوں میں اک رنگ نیا ہیں میں اور تو

خوشبو سے تیری ہاتھ ملانے کا شوق ہے (غزل)

خوشبو سے تیری ہاتھ ملانے کا شوق ہے

پھر اس کو دو جہاں سے چھپانے کا شوق ہے

آنکھیں ہوں خواب ہوں کہ شکستہ عمارتیں

ہر اک کھنڈر میں دیپ جلانے کا شوق ہے

کچھ دیر اپنے ساتھ بھی رہنے دو اب ہمیں

اس روشنی کو آئینہ خانے کا شوق ہے

اظہار آس شوق تماشا فسردگی

کیوں دل کو اتنا بار اٹھانے کا شوق ہے

ہجرت ازل سے ہے مرے اجداد کا شعار

مجھ کو بھی ایک ناؤ بنانے کا شوق ہے

کیوں ہم یہ بات بات پہ دینے لگے جواب

ان کو تو خیر بات بڑھانے کا شوق ہے

اک نور ہی تو سارے تخیل کی جان ہے

اور اس پہ ہم کو رنگ جمانے کا شوق ہے

ہر ایک کو صنم ہو خدا ہو کہ آدمی

ماتھے پہ میرے داغ لگانے کا شوق ہے

برباد ہوتے جائیں گے جتنا کرو گے تم

ہم کو تمہارا ہاتھ بنانے کا شوق ہے

نیناؔ انہی کی سمت سفر کر رہی ہوں میں

رستے میں جن کو دھوپ بچھانے کا شوق ہے

اس رستے پر دو جسموں کا اک سایہ تھا! (نظم)

اس رستے پر دو جسموں کا اک سایہ تھا!

اور دو روحوں کا اک مسلک!

گونج رہا تھا اس رستے پر حرف کا پہلا سناٹا

دھڑکن کی تسبیح مسلسل اسم انوکھے پڑھتی تھی

رسوائی کی شوخ ہوائیں بے باکی سے رقصاں تھیں

اس رستے پر گہرے بادل دھوپ کرن سے لڑتے تھے

خواب کے پنچھی انجانی سمتوں میں اڑانیں بھرتے تھے!

پھولوں نے خوشبو کا منتر پھونک دیا تھا سینوں پر!

اس رستے پر تم تھے (شاید خود سے ناواقف)

اس رستے پر میں تھی! اور میں تم میں شامل تھی

زاد سفر میں ایک تھکن تھی، ایک دکھن اور ایک یقیں!!

ہر قلب سرائے ہوتا ہے اور نے ہی گزر گہہ ہر رستہ

کچھ رستوں سے لوٹ بھی جائیں، دور نہیں جا سکتے ہم

کچھ منظر بن جاتے ہیں نادیدہ حصہ آنکھوں کا

کچھ لمحوں کی قید ہمیشہ دل کو کاٹنی پڑتی ہے

مزید غزلیں از Naina Adil ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں