Nadeem Mahir کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گرتے گرتے سنبھل رہا ہوں میں (غزل)
گرتے گرتے سنبھل رہا ہوں میں
دسترس سے نکل رہا ہوں میں
دھوپ کا بھی عجب تماشہ ہے
اپنے سائے پہ چل رہا ہوں میں
گفتگو ہے میری گلابوں سی
شخصیت میں کنول رہا ہوں میں
دھوپ جب سے ملی ہے چہرے پر
رفتہ رفتہ پگھل رہا ہوں میں
گرد میرے ہے وحشتوں کا ہجوم
ایک جنگل میں پل رہا ہوں میں
ایک ہچکی کا کھیل ہے ماہرؔ
اس قدر کیوں مچل رہا ہوں میں
ہم بزرگوں کی آن چھوڑ آئے (غزل)
ہم بزرگوں کی آن چھوڑ آئے
خاندانی مکان چھوڑ آئے
اس قبیلے میں سارے گونگے تھے
ہم جہاں پر زبان چھوڑ آئے
اس کا دروازہ بند پایا تو
دستکوں کے نشان چھوڑ آئے
روٹی کپڑے مکان کی خاطر
روٹی کپڑا مکان چھوڑ آئے
ایک اس کو تلاش کرنے میں
ہم زمیں آسمان چھوڑ آئے
اب سفر ہے یقین کی جانب
وسوسے اور گمان چھوڑ آئے
مزید غزلیں از Nadeem Mahir ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں