پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مظفر علی اسیر کی غزلیں — Muzaffar Ali Aseer Ghazals

مظفر علی اسیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

باغ میں پھول کھلے موسم سودا آیا (غزل)

باغ میں پھول کھلے موسم سودا آیا

گرم بازار ہوا وقت تماشہ آیا

سارباں ناقۂ لیلیٰ کو نہ دوڑا اتنا

پاؤں مجنوں کے تھکے ہاتھ ترے کیا آیا

ایک نالہ نے مرے کام کئے باغ میں وہ

گل کو تپ آئی تو شبنم کو پسینہ آیا

رو کے میں نے جو کہا آپ کی ہے چاہ مجھے

ہنس کے بولے کہ بڑا چاہنے والا آیا

جھاڑ دی گرد جو دامن کی کبھی ہم نے اسیرؔ

ہنس کے فرمایا کہ تم کو بھی سلیقہ آیا

تم بات کرو اس سے جو ہو بات کے قابل (غزل)

تم بات کرو اس سے جو ہو بات کے قابل

ہم بات کے قابل نہ ملاقات کے قابل

اللہ کی قدرت ہے کہاں غیر کہاں ہم

چڑھتی ہیں وہ منہ پر جو نہ تھی بات کے قابل

کہہ دو مری تربت میں نکیرین نہ آئیں

ہوتا نہیں دیوانہ ملاقات کے قابل

کیا ذکر رخ یار کروں تیرہ دلوں سے

دن کی یہ کہانی ہے نہیں رات کے قابل

زیبا ہے مرا خانۂ دل ہو جو گھر اس کا

یہ کعبہ ہے اس قبلۂ حاجات کے قابل

شرم آئی ہے ہر چند کہ ہے نقد خرد پاس

یہ نذر نہیں پیر خرابات کے قابل

خاموش رہے ہم جو گئے دیر و حرم میں

دونوں نظر آئے نہ مناجات کے قابل

حیرت سے ہے سب برم مرقع ترے آگے

کس کا ہے دہن حرف و حکایات کے قابل

تو حمد کے قابل ہے ذرا شک نہیں اس میں

لیکن ہے کہاں حمد تری ذات کے قابل

منہ موڑ گئی تیغ تری عید کے دن بھی

شاید مجھے سمجھی نہ ملاقات کے قابل

اتنا بھی کلیجہ نہیں غم کو جو کھلاؤں

تقدیر نے رکھا نہ مدارات کے قابل

تعمیر جو کعبہ کی ہوئی ناف زمیں میں

شاید یہ زمیں تھی نہ خرابات کے قابل

لائق نہیں جو بات کے ہیں ہم سخن اس سے

خاموش وہ بیٹھے ہیں جو ہیں بات کے قابل

کرتے ہیں جو وہ فخر دو ابرو پہ بجا ہے

حقا کہ یہ مطلع ہے مباہات کے قابل

غنچے کو ہے بے جا دہن یار سے دعویٰ

چھوٹا سا دہن کب ہے بڑی بات کے قابل

ہم محفل جاناں میں اسیرؔ آپ ہی چپ ہیں

باتیں وہ بنائیں کہ جو ہوں بات کے قابل

مزید غزلیں از مظفر علی اسیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں