مشتاق احمد مشتاق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کشمکش وہ ہے کہ مر جانے کو جی چاہتا ہے (غزل)
کشمکش وہ ہے کہ مر جانے کو جی چاہتا ہے
ہے جدھر موت ادھر جانے کو جی چاہتا ہے
عمر تو حد سے گزرنے میں گزاری میں نے
اور اب خود سے گزر جانے کو جی چاہتا ہے
لوگ غواص بنے پھرتے ہیں دریا دریا
میرا قطرے میں اتر جانے کو جی چاہتا ہے
مجھ کو مدہوش ہی رہنے دو خدا کی خاطر
ہوش میں میرا بپھر جانے کو جی چاہتا ہے
کوئی منظر نہ تعلق ہے محبت والا
دوستو اب مرا گھر جانے کو جی چاہتا ہے
فیصلہ یہ ہو نہ پایا روز کی باتوں کے بعد (غزل)
فیصلہ یہ ہو نہ پایا روز کی باتوں کے بعد
خون کے دھبے دھلیں گے کتنی برساتوں کے بعد
بے یقینی خوف دونوں میں رہے گا کب تلک
مل سکیں گے کھل کے ہم کتنی ملاقاتوں کے بعد
آپ نے جو کچھ کہا جتنا کہا سب مستند
بات کوئی کیا کرے گا آپ کی باتوں کے بعد
ایک اک مہرہ سنبھل کر رکھ بساط عدل پر
آج بازی ہاتھ آئی ہے کئی ماتوں کے بعد
اپنے حصے کے چراغوں کی لوؤں کو دیکھ کر
صبح کی امید جاگی ہے کئی راتوں کے بعد
بعد میرے خون کاغذ پر نہ ٹپکے گا کبھی
ہاتھ کوئی شل نہیں ہوگا مرے ہاتھوں کے بعد
خود کو پھر مشتاقؔ سناٹا بنانا ٹھیک ہے
بات جب بنتی نظر آئے نہیں باتوں کے بعد