پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مقدس ملک کی غزلیں — Muqaddas Malik Ghazals

مقدس ملک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم جو شامل ہوئے خیالوں میں (غزل)

تم جو شامل ہوئے خیالوں میں

روشنی آ گئی حوالوں میں

اب تو اے چاند بام پر آ جا

چاندنی آ گئی ہے بالوں میں

اس نے نظریں ہی پھیر لی مجھ سے

کچھ نہیں رہ گیا سوالوں میں

ایک لمحے کی تو ضرورت تھی

اور وہ لمحہ نہ آیا سالوں میں

تیری آنکھوں پہ بات ہونے لگی

جنگ سی چھڑ گئی غزالوں میں

قتل انسانیت کا کرتے ہیں

بھیڑیے آدمی کی کھالوں میں

یہ مقدسؔ حقیقی دنیا ہے

آپ رہتی ہیں کن خیالوں میں

کہاں وہ درد میں محسوس آہ کرتے ہیں (غزل)

کہاں وہ درد میں محسوس آہ کرتے ہیں

جو لوگ زخم کے رسنے پہ واہ کرتے ہیں

تمام دن کسی رحمت کا سایہ رہتا ہے

ہم آدھی رات کو ایسا گناہ کرتے ہیں

کسی گزشتہ زمانے کا دکھ مسلط ہے

کہ اب ہنسیں بھی تو ہم لوگ آہ کرتے ہیں

جنہیں طلب ہے زمانے کی ان کو حاصل ہو

ترے فقیر تو بس تیری چاہ کرتے ہیں

میں سوچتی ہوں کہ پھر جرم کس کے سر جائے

سبھی ثبوت اسے بے گناہ کرتے ہیں

نظر نہ پھیر مقدسؔ گدا سمجھ کے ہمیں

ہمارے نام کے چرچے تو شاہ کرتے ہیں

مزید غزلیں از مقدس ملک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں