پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Munshi Mohammad Hayat Khan Mazhar کی غزلیں — Munshi Mohammad Hayat Khan Mazhar Ghazals

Munshi Mohammad Hayat Khan Mazhar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل میرا صید سینہ میں ہے زلف یار کا (غزل)

دل میرا صید سینہ میں ہے زلف یار کا

ہے بو العجب حرم میں طریقہ شکار کا

ایسی شرر فشاں ہے مری آہ پر شرر

جس طرح چھوٹنے میں ہو عالم انار کا

ظل کرم میں تیرے تمازت کا ذکر کیا

ہے مہر پر گماں شجر سایہ دار کا

لہرا رہی ہے رخ پہ ترے موج خط سبز

طوطی کو آئنے میں ہے جلوہ بہار کا

داغ جگر کیا ہے عطا مجھ کو عشق نے

سکہ ہی کچھ الگ ہے مرے شہر یار کا

رخ پر تمہارے خال جو دیکھا قریب زلف

مجھ کو گمان اس پہ ہوا چشم مار کا

وہ آئیں میرے گھر تو میں آنکھوں میں دوں جگہ

دیکھیں وہ لطف آنکھ سے ابر بہار کا

نظارۂ صنم کا ان آنکھوں کو شوق ہے

کرتی ہیں کام قبر میں بھی ہوشیار کا

بلبل نہ کیوں اسیر محبت چمن میں ہو

دام اس کے پاؤں میں ہے رگ گل کے تار کا

سودے میں زلف یار کے جاری ہیں طفل اشک

گویا رواں ہے قافلہ چین و تتار کا

وہ مست جام عشق ہوں مظہرؔ کہ حشر تک

ممکن نہیں کہ دخل ہو اس میں خمار کا

ہے برق خرمن جاں سوز نہاں ہمارا (غزل)

ہے برق خرمن جاں سوز نہاں ہمارا

سرگرم جلوۂ غم حسن بیاں ہمارا

رنگ بہار آگیں مضمون سے ہے پیدا

یہ شعر کی زمیں ہے یا بوستاں ہمارا

ہو نقش آرزو بھی اک صورت نگاریں

گر ہو مصور چیں دور زماں ہمارا

کیا حرف مدعا ہے اک نشتر رگ جاں

کیوں صرف غم ہے نقد عمر رواں ہمارا

آغوش ظلم ہی میں پروردہ ہو چکے ہیں

کیا امتحاں کرے گا یہ آسماں ہمارا

صبر و قرار دل میں کس طرح راہ پائیں

یہ نالۂ شب غم ہے پاسباں ہمارا

دل داد گان غم کو عشرت سے کیا تعلق

ہے کوچۂ مصیبت دار الجناں ہمارا

خمیازۂ تمنا ہے موجب تباہی

ہے کون جو اٹھائے بار گراں ہمارا

اے بخت واژگوں ہم تجھ سے یہ پوچھتے ہیں

کیا ہم کو کچھ نہ دے گا روزی رساں ہمارا

جور فلک کا مظہرؔ پردہ اٹھا ہی دیتے

ہے سد راہ لیکن ضبط فغاں ہمارا

مزید غزلیں از Munshi Mohammad Hayat Khan Mazhar ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں