پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد شاہد فیروز کی غزلیں — Mohammad Shahid Firoz Ghazals

محمد شاہد فیروز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ترا لہجہ تری پہچان مبارک ہو تجھے (غزل)

ترا لہجہ تری پہچان مبارک ہو تجھے

تری وحشت ترا ہیجان مبارک ہو تجھے

میں محبت کا پجاری ہوں سو میں جاتا ہوں

یعنی نفرت کا یہ سامان مبارک ہو تجھے

آنکھ میں طنز و رعونت کی چمک باقی رہے

لب پہ یہ تلخ سی مسکان مبارک ہو تجھے

میں دعا کرتا ہوں تو شہر چراغاں میں رہے

ترا ہر خواب گلستان مبارک ہو تجھے

تو حکومت کا ہے شوقین ترا بنتا ہے

بے بسی شہر کی سلطان مبارک ہو تجھے

میں تو مر کر بھی مری جان بچا لوں گا اسے

تجھ میں مرتا ہوا انسان مبارک ہو تجھے

جا رہا ہوں میں ترے شہر سے یادیں لے کر

مرے دلبر ترا ملتان مبارک ہو تجھے

یہ بچھڑنا ہی اگر حل ہے تو رنجش کیسی

جاؤ نا جاؤ مری جان مبارک ہو تجھے

ہم ہیں ٹوٹے ہوئے ہم ہیں ہارے ہوئے (غزل)

ہم ہیں ٹوٹے ہوئے ہم ہیں ہارے ہوئے

داستانوں میں وہ جو ہیں مارے ہوئے

زندگی کے فریبوں سے کس کو مفر

اس کے ہاتھوں گرفتار سارے ہوئے

وہ جو بجھتے گئے تیرگی بن گئے

وہ جو روشن رہے وہ ستارے ہوئے

دیکھ ہم بھی ذبیحوں کے اس ڈھیر میں

تیرے قدموں پہ کب سے ہیں وارے ہوئے

لوگ ہیں خوف کی دائمی قید میں

خود سے ملتے ہیں سب روپ دھارے ہوئے

اپنے حصے میں آئی ہے کیا زندگی

راتیں بیتی ہوئیں دن گزارے ہوئے

مزید غزلیں از محمد شاہد فیروز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں