پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mirza Raahil کی غزلیں — Mirza Raahil Ghazals

Mirza Raahil کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس کا ہر بات میں انکار دکھی کرتا ہے (غزل)

اس کا ہر بات میں انکار دکھی کرتا ہے

مجھ کو اک شخص لگاتار دکھی کرتا ہے

ہیں ترے شہر میں دکھ اور بہت سے لیکن

مفلسوں کو یہاں تہوار دکھی کرتا ہے

سوچتا روز ہوں یہ آج کا دن اچھا ہو

پر مجھے صبح کا اخبار دکھی کرتا ہے

حافی کے شعر سے ملتی ہے تسلی دل کو

شعر زریون کا ہر بار دکھی کرتا ہے

دور کس کس کو کروں تم کو بھلانے کے لیے

چھیڑ کر بات تری یار دکھی کرتا ہے

تو کسی اور کی خاطر ہی سنورتی ہوگی

بس یہی سوچ کے دیدار دکھی کرتا ہے

مسئلے کچھ ہوا کرتے ہیں ہمیشہ دکھ کے

عشق بھی ایسا ہے ہر بار دکھی کرتا ہے

ہم کو اک شخص دکھی کرتا ہے ایسے جیسے

بستر مرگ پہ بیمار دکھی کرتا ہے

رہ کے خاموش مجھے عشق کرے وہ راحلؔ

اس سے کہنا مجھے اظہار دکھی کرتا ہے

کون آتا ہے بلاتا ہے چلا جاتا ہے (غزل)

کون آتا ہے بلاتا ہے چلا جاتا ہے

میں ہوں وحشی یہ بتاتا ہے چلا جاتا ہے

میرے گاؤں چلا آتا ہے کھلونے والا

اور بچوں کو رلاتا ہے چلا جاتا ہے

مجھ کو تکلیف وہ دیتا ہے مزے لے لے کر

آدھا چہرہ ہی دکھاتا ہے چلا جاتا ہے

خواب جب بھی میں ترا دیکھتا ہوں جانے کون

مجھ کو آتا ہے جگاتا ہے چلا جاتا ہے

اب کسی اور کے حصے میں وہ شامل ہوگی

یہ خبر یار سناتا ہے چلا جاتا ہے

تیری آواز میں کوئی مجھے اپنا کہہ کے

غم کے لمحوں میں ہنساتا ہے چلا جاتا ہے

مل کے روتا تھا بچھڑ جانے کا سن کر ہی جو

ہاتھ اب مجھ سے چھڑاتا ہے چلا جاتا ہے

مزید غزلیں از Mirza Raahil ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں