پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مرزا محمد بیگ کی غزلیں — Mirza Mohammad Beg Ghazals

مرزا محمد بیگ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مت پوچھ حال دل کا جیسا کباب و آتش (غزل)

مت پوچھ حال دل کا جیسا کباب و آتش

ہے اشک و آہ میرا جوں شمع آب و آتش

اس شعلہ رو کی آنکھیں جب سے نظر پڑی ہیں

یکساں ہے مجھ کو ساقی جام شراب و آتش

سو وے ہے آشیاں میں کس نیند فصل گل میں

مجھ کو عجب ہے بلبل تیرا یہ خواب و آتش

ظالم لبوں پہ تیرے اس رنگ پاں کے دیکھے

ہے سربسنگ حسرت لعل خوش آب و آتش

گرمی سے مے کی اس کا چہرہ ہے یارؔ عرق ناک

اعجاز حسن دیکھو یکجا ہے آب و آتش

مے کشو دیکھو خبردار جہاں ہے شیشہ (غزل)

مے کشو دیکھو خبردار جہاں ہے شیشہ

دل نازک ہے مرا ہائے کہاں ہے شیشہ

اشک اور آہ سے اب بزم میں میری تجھ بن

جام لبریز ہے اور شعلہ فشاں ہے شیشہ

چشم ظاہر سے نہ کر شیخ تو انکار شراب

ہے پری خانہ نہاں گرچہ عیاں ہے شیشہ

تجھ کو معلوم ہے کیا ہے یہ بغل میں میری

نقش جو باعث تسخیر بیاں ہے شیشہ

دل نازک پہ مرے سنگ دلی پر تیری

جام خوں بار ہے اور لب پہ فغاں ہے شیشہ

مزید غزلیں از مرزا محمد بیگ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں