پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

میر خلیق کی غزلیں — Meer Khaleeq Ghazals

میر خلیق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غفلت میں فرق اپنی تجھ بن کبھو نہ آیا (غزل)

غفلت میں فرق اپنی تجھ بن کبھو نہ آیا

ہم آپ کے نہ آئے جب تک کہ تو نہ آیا

ساقی نے جام مے تو شب پے بہ پے دیا پر

نیت بھری نہ اپنی جب تک سبو نہ آیا

کوتاہ ہے نہایت دست دعا ہمارا

دامن اثر کا جا کر اک بار چھو نہ آیا

عاشق کو تیرے کل سے تھی جاں کنی کی حالت

سب دیکھنے کو آئے اللہ تو نہ آیا

پھونکا بھی طور و وادی بعض اے خلیقؔ لیکن

اپنی شرارتوں سے وہ شعلہ خو نہ آیا

نزع میں گر مری بالیں پہ تو آیا ہوتا (غزل)

نزع میں گر مری بالیں پہ تو آیا ہوتا

اس طرح اشک میں آنکھوں میں نہ لایا ہوتا

میرے خورشید نہ ہوتا یہ مرا روز سیاہ

تو نے گر زلف میں مکھڑا نہ چھپایا ہوتا

باغ جنت میں بھی کیا خوب گزرتی میری

واں بھی سر پر جو تری زلف کا سایا ہوتا

ناصحا چاک گریباں کے سلانے سے حصول

چاک آنکھوں کا مری تو نے سلایا ہوتا

پھول پڑتا نہ خلیقؔ آتش گل سے اس پر

آشیاں ہم نے ٹک اونچا جو بنایا ہوتا

مزید غزلیں از میر خلیق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں