پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Meem Maroof Ashraf کی غزلیں — Meem Maroof Ashraf Ghazals

Meem Maroof Ashraf کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چھوڑ کر مجھ کو کہیں اور اگر جانا ہے (غزل)

چھوڑ کر مجھ کو کہیں اور اگر جانا ہے

جا اجازت ہے تجھے تجھ کو جدھر جانا ہے

تو تو خوشبو ہے کسی سمت چلا جائے گا

میں ہوں اک ریت کا پیکر سو بکھر جانا ہے

ایک مدت ہے ہوئی راہ میں چلتے لیکن

اس کا جانا ہی نہیں ہے کہ کدھر جانا ہے

اب تری یاد بھی کب مجھ پہ اثر کرتی ہے

تو بھی اک روز مرے دل سے اتر جانا ہے

لاکھ پڑ جائیں ہمیں جان کے لالے لیکن

جان تجھ کو ہی مری جان مگر جانا ہے

ہم تو عاشق ہیں میاں ہم ہیں شبوں کے عادی

آپ جا سکتے ہیں گر آپ کو گھر جانا ہے

کیجے فرعون سے شداد سے عبرت حاصل

زیر یہ ہو گئے سارے جو زبر جانا ہے

بس یہی سوچتے ہم تم تو نہ نفرت کرتے

نہ سہی آج مگر کل ہمیں مر جانا ہے

اب کے بچھڑے ہیں تو یہ جی میں ہے آیا قیصرؔ

اب نہیں جینا یہاں جاں سے گزر جانا ہے

اثر باتوں کا تجھ پر اب ستم گر کچھ نہیں ہوتا (غزل)

اثر باتوں کا تجھ پر اب ستم گر کچھ نہیں ہوتا

قسی القلب اس درجہ کہ پتھر کچھ نہیں ہوتا

یقیں گرچہ نہ آئے آزما کر دیکھ لیجے گا

سوا دکھ کے محبت میں میسر کچھ نہیں ہوتا

نظر جو کام کرتی ہے کہاں خنجر وہ کرتے ہیں

نظر کے سامنے تلوار و نشتر کچھ نہیں ہوتا

غزل اشعار تیرے حسن کے مرہون منت ہیں

یہ زن تیری بدولت ہے سخن ور کچھ نہیں ہوتا

ضرورت ہے عمر فاروق جیسے پیشواؤں کی

نظر میں جن کی کمتر اور برتر کچھ نہیں ہوتا

لٹا کر سب حسین ابن علی نے ہم کو بتلایا

کہ آگے دین کے عباس و اکبر کچھ نہیں ہوتا

نہ جانے کیوں یہ لگتا ہے (نظم)

نہ جانے کیوں یہ لگتا ہے

وہ واپس لوٹ آئے گا

مرے ہونٹوں کو چومے گا

مجھے سینے لگائے گا

پکڑ کر ہاتھ وہ میرا

وہ اپنے ہاتھ میں اک دن

کہے گا سب گلے شکوے بھلا کر

آگے بڑھتے ہیں

چلو ہم ساتھ چلتے ہیں

کہیں ہم دور جا کر کے

نئی دنیا بساتے ہیں

محبت کا کوئی نغمہ

بہم ہم گنگناتے ہیں

مگر سچ اور ہی کچھ ہے

وہ بالکل بھی نہیں ایسا

کہ نہ ہرگز وہ آئے گا

نہ میرے ہونٹ چومے گا

نہ سینے سے لگائے گا

فقط یہ وہم میرا ہے

مزید غزلیں از Meem Maroof Ashraf ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں