Mazhar Husain Syed کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سوچتا بولتا اک نیا آدمی (غزل)
سوچتا بولتا اک نیا آدمی
ہو گیا آخرش لاپتہ آدمی
چھوڑ جاتا ہے ایسا خلا آدمی
بھر ہی سکتا نہیں دوسرا آدمی
پا گیا تھا یقیناً تو سچائی کو
یہ ترا جرم ہے گمشدہ آدمی
زندگی بھی یوں ہی ہاتھ آتی نہیں
اس کو بھی چاہیے سر پھرا آدمی
کفر تو فرض ہے ایسے ماحول میں
ہو جہاں آدمی کا خدا آدمی
اک تڑپ اک لگن اک جنوں چاہیے
وہ بھی کیا آدمی جو نرا آدمی
پتھروں سے لپٹتے ہوئے رو پڑا
آدمی کا ستایا ہوا آدمی
عہد نو میں یہی میری تعریف ہے
میں غریب آدمی میں برا آدمی
کھل کے سچائی کا اظہار نہیں کر سکتے (غزل)
کھل کے سچائی کا اظہار نہیں کر سکتے
ہم جو کرتے ہیں وہ اخبار نہیں کر سکتے
زندگی تیرا تقاضا ہے کہ سرپٹ دوڑیں
ہم وہ لاچار کہ انکار نہیں کر سکتے
ان کو حق ہے کہ وہ انکار بھی کر سکتے ہیں
ہم پہ قدغن ہے کہ اصرار نہیں کر سکتے
سب کے سب مل کے مرے سامنے صف آرا ہیں
کام ایسا ہے کہ دو چار نہیں کر سکتے
تجھ سے اک کام ہے اور کام بھی ایسا ہے کہ جو
چشم و ابرو لب و رخسار نہیں کر سکتے
ہم نے اک عمر کیا ان پہ بھروسا مظہرؔ
ہم وہی کام لگاتار نہیں کر سکتے