Mastan Kashif کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تنگ کمرے گھر بھی چھوٹے کیا ہوا تازہ لگے (غزل)
تنگ کمرے گھر بھی چھوٹے کیا ہوا تازہ لگے
ہم چلیں جتنا بھی جھک کر سر کو دروازہ لگے
کیا ہے طوفاں کیا ہے بارش آندھیاں ہوتی ہیں کیا
گھاس کی چھت میں رہو تو پھر یہ اندازہ لگے
جب کریں سڑکوں پہ مزدوری ابھاگن لڑکیاں
پیاری پیاری صورتوں پہ دھول کا غازہ لگے
دشت تنہائی میں کاشفؔ چھوڑ کر وہ کیا گئے
بکھرا بکھرا زندگی کا اپنی شیرازہ لگے
سامنے جب ہم نہیں ہوں گے تو کیا رہ جائے گا (غزل)
سامنے جب ہم نہیں ہوں گے تو کیا رہ جائے گا
دیکھنے صورت تمہاری آئنہ رہ جائے گا
اے کھلونے بیچنے والے ادھر سے مت گزر
آج بھی بچہ مرا روتا ہوا رہ جائے گا
کانچ کے ٹکڑے چنے اور ہاتھ زخمی کر لئے
راستوں کو یاد اپنا حوصلہ رہ جائے گا
دھوپ میں چل کر بہت ہم چھاؤں میں پہنچے تو کیا
پاؤں میں کوئی نہ کوئی آبلہ رہ جائے گا
آج بھی کاشفؔ اسے نظریں بچا کر دیکھنا
اب تعلق نہ سہی یہ سلسلہ رہ جائے گا
مزید غزلیں از Mastan Kashif ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں