پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

معصوم شرقی کی غزلیں — Masoom Sharqi Ghazals

معصوم شرقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میری خبر ہے دل کو نہ دل کی خبر مجھے (غزل)

میری خبر ہے دل کو نہ دل کی خبر مجھے

دیوانہ کر گئی ہے کسی کی نظر مجھے

کیسے قرار آئے مرے دل کو ہم نشیں

پھرتی ہے تیری یاد لئے در بدر مجھے

منزل کے پاس آ کے ہوئے دونوں دو طرف

میں ہم سفر کو بھول گیا ہم سفر مجھے

بیتے دنوں کے زخموں کا کرتا میں احتساب

مہلت جو دیتی گردش شام و سحر مجھے

ہوتی ہے ایک رات چراغوں کی زندگی

یہ درس دے رہا ہے چراغ سحر مجھے

چاہے کوئی تو پیار سے کر لے مجھے اسیر

نفرت سے زیر کر نہ سکے گا مگر مجھے

معصومؔ میرے حق میں وہ انمول ہیں رتن

قدرت نے جو عطا کئے لعل و گہر مجھے

میں نے تجھ کو کھویا تھا میں نے تجھ کو پایا ہے (غزل)

میں نے تجھ کو کھویا تھا میں نے تجھ کو پایا ہے

وہ بھی ایک دھوکہ تھا یہ بھی ایک دھوکہ ہے

بیٹھے شیش محلوں میں تم سمجھ نہ پاؤ گے

خار کیسے پاؤں میں درد بن کے چبھتا ہے

دور ہو نگاہوں سے پاس ہو رگ جاں کے

دل کا دل سے رشتہ ہے اس میں معجزہ کیا ہے

اصل زندگی ہے کیا کیا کھلے کہ تم نے تو

سانس کی کسوٹی پر زندگی کو پرکھا ہے

خون آرزوؤں کا گھل گیا نہ ہو شرقیؔ

صبح نو کے ماتھے پر احمریں اجالا ہے

ہندی مسلمان ہوں میں ہندی مسلمان (نظم)

ہندی مسلمان ہوں میں ہندی مسلمان

اونچا پربت گہرا ساگر اور چٹئیل میدان

بنجر صحرا بہتا دریا کھیتی اور کھلیان

سب دھن میرا کٹیا ہو یا قصر عالیشان

بھارت ماتا میری ہے یہ میرا ہندوستان

میرے دل کا نور ہے میری آنکھ کا تارا دیس

جگ مگ جگ مگ کرتا ہے انوار سے سارا دیس

جتنا پیارا دین ہے مجھ کو اتنا پیارا دیس

گیتا اور گرنتھ ہیں میرے میرا ہے قرآن

سن لیں میرے بیری دشمن رہزن دشٹ کٹھور

پریم کا بل ہے میرے من میں بھیم کا تن میں زور

اتر دکھن پورب پچھم دھوم ہے چاروں اور

میرے جیتے جی کیا ہوگا بھارت کا اپمان

چپے چپے پر ہیں معابد اور ان کے مینار

کوچے کوچے میں ہیں مقابر اور ان کے انوار

ذرے ذرے میں ہیں میرے آبا کے آثار

میرے جگر کے خون سے باقی میرے وطن کی شان

سب سے پہلے دیس میں چمکی ہے میری تلوار

انگریزوں کی نظروں میں ہوں میں پہلا غدار

اب تک جگ میں گونج رہی ہے ٹیپو کی للکار

کون وفا کے بندوں پر رکھ سکتا ہے بہتان

کچلوؔ کا اخلاص ہے مجھ میں اجملؔ کا کردار

سرحد کے گاندھی کی عظمت جوہرؔ کے افکار

شاہ ظفر کی ہمت جس نے مر کے نہ مانی ہار

اب بھی میرے ساتھ ہیں لاکھوں عبداللہؔ عثمانؔ

مجھ کو اپنے دیس میں ہو سکتا ہے کس کا خوف

بھارت کی آزاد فضاؤں میں ہے اب کیا خوف

مر جانا جب برحق ہے تو موت سے کیسا خوف

اک دن اپنے دیس پہ مجھ کو ہونا ہے قربان

مزید غزلیں از معصوم شرقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں