پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منظور حسین شور کی غزلیں — Manzoor Husain Shor Ghazals

منظور حسین شور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حد نظر تک رات ہی رات (غزل)

حد نظر تک رات ہی رات

ایسا سفر اور تیرا سات

موج‌ و ہوا کی سمت نہ دیکھ

جلتی رہے گی شمع حیات

ظرف کفر‌‌ و ایماں تنگ

تیز شراب احساسات

مجھ کو اک انساں کی تلاش

تو مصروف‌ ذات و صفات

میری جبیں پر بھی ہیں شورؔ

کچھ سجدوں کے الزامات

نہ نشاط چارہ سازی نہ ملال کم نگاہی (غزل)

نہ نشاط چارہ سازی نہ ملال کم نگاہی

مجھے اس نظر نے مارا بے گناہ بے گناہی

سر انجمن غنیمت ہے بتوں کی کم نگاہی

کہ سکون دل پہ آتی ہے نظر سے بھی تباہی

یہ سیاست بہاراں ہے خزاں کی بے پناہی

کہ جو جل اٹھے نشیمن تو چمن نہ دے گواہی

تری انجمن سے باہر کئی آفتاب نکلے

نہ دھلی کسی سحر سے کسی رات کی سیاہی

ترے شہر سے نکلتے ہی مزاج دہر لا ہی

نہ وہ ربط شبنم و گل نہ وہ باد صبح گاہی

ترے شہر آرزو میں یوں ہی کٹ گئی ہیں راتیں

نہ جنوں کی آنکھ جھپکی نہ خرد نے لی جماہی

دئے تیری رہ گزاروں کے جہاں جہاں جلے ہیں

نہ چراغ بت کدہ ہے نہ چراغ خانقاہی

نہ صنم کدے کی منزل نہ حرم کا آستانہ

وہ نظر جہاں اٹھی ہے وہیں رک گئے ہیں راہی

کوئی شورؔ یہ تو پوچھے در و بام خسروی سے

یہ لہو سے کس کے روشن ہے چراغ کج کلاہی

یہ بادلوں کا تنفس یہ سرد سرد ہوا (نظم)

یہ بادلوں کا تنفس یہ سرد سرد ہوا

یہ سنسناتی ہوائیں یہ بولتے ہوئے ساز

کسے خبر تھی کہ تجھ کو پکارتے اے دوست

انہی فضاؤں میں کھو جائے گی مری آواز

کسے خبر تھی کہ اس رنگ و بو کے طوفاں میں

گل و سمن کے سفینے بھی ڈوب جائیں گے

تھپک کے جن کو سلائے گی رات بھر شبنم

وہ غنچے صبح کی لو سے بھی کپکپائیں گے

تجھے بھی یاد ہے ان بدلیوں کے سائے میں

تری نگاہ سے ٹوٹے ہیں کتنے پیمانے

مگر یہ کون اٹھا آج تیری محفل سے

سلگ رہے ہیں چراغوں سے دور پروانے

سمجھ سکے تو سمجھ کتنی ظلمتوں کے حضور

کیا گیا ہے مہ و آفتاب سے انکار

لیا ہے کتنے بہشتوں سے انتقام نہ پوچھ

گلوں کے دام خریدے ہیں کتنے برق و شرار

کہا ہے کتنی نگاہوں نے فی امان اللہ

ہوئے ہیں ساکت و مبہوت کتنے بام و در

اٹھے ہیں بہر دعا کتنے کانپتے ہوئے ہاتھ

کس اہتمام سے باندھا گیا ہے رخت سفر

کراہتے رہے راہی پکارتے رہے خضر

ٹھہر سکا نہ مگر کاروان نجم و قمر

زمیں پہ آدم و حوا کے خون کا ماتم

مگر افق کی جبیں پر وہی ہے نور سحر

کسے خبر مری غربت مجھے کہاں لے جائے

ترا دیار مرے راستے میں آئے نہ آئے

مری نگاہ میں رقصاں ہیں سینکڑوں طوفاں

مگر خدا نہ کرے کوئی موج تجھ کو جگائے

غموں کی دھوپ سے رکھے تجھے خدا محفوظ

غبار وقت سے میلا ترا شباب نہ ہو

کسی ملال کی بے نجم و ماہ راتوں میں

غروب تیری جوانی کا آفتاب نہ ہو

مزید غزلیں از منظور حسین شور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں