منصورالدین قریشی منصور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم نظر اور ہم خیال کہاں (غزل)
ہم نظر اور ہم خیال کہاں
عصر حاضر ہے حسب حال کہاں
سرحد کائنات کے آگے
ذہن کا اب بچھاؤں جال کہاں
پست اقدار کی فضا ہو جب
کوئی پیدا کرے کمال کہاں
کیوں نہ تنہائی ہم کریں محسوس
عشق کا حسن سے وصال کہاں
شوق سے اب ملائیں وہ نظریں
میری آنکھوں میں اب سوال کہاں
اب غم یار ساتھ ہے میرے
اب مری زندگی وبال کہاں
خیر و شر کی بھلی کہی تم نے
درمیاں ان کے انفعال کہاں
حق نوائی کے واسطے منصورؔ
منبر و دار کا سوال کہاں
اگلا سا کیوں وہ ولولۂ دل نہیں رہا (غزل)
اگلا سا کیوں وہ ولولۂ دل نہیں رہا
کیوں شوق سیر کوچۂ قاتل نہیں رہا
اب کیوں وبال جان ہوئی جا رہی ہے زیست
کیا اب ترے ستم کے بھی قابل نہیں رہا
معیار حسن و عشق کی پستی کو دیکھ کر
اپنا تو دل لگانے کا اب دل نہیں رہا
ایسا بھی ہو کسی کا نہ ذوق نظر بلند
یہ کیا کہ کوئی پیار کے قابل نہیں رہا
قدریں بدل گئی ہیں زمانہ کے ساتھ ساتھ
اب عشق بھی حیات کا حاصل نہیں رہا
جزو حیات بن گئیں طوفاں کی شورشیں
ارمان ہم کناریٔ ساحل نہیں رہا
منصورؔ کیا ہے اب جو کروں ان پہ میں نثار
جس دل پہ ناز تھا مجھے وہ دل نہیں رہا