منصور عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آنکھوں سے محبت کے اشارے نکل آئے (غزل)
آنکھوں سے محبت کے اشارے نکل آئے
برسات کے موسم میں ستارے نکل آئے
تھا تجھ سے بچھڑ جانے کا احساس مگر اب
جینے کے لئے اور سہارے نکل آئے
میں نے تو یونہی ذکر وفا چھیڑ دیا تھا
بے ساختہ کیوں اشک تمہارے نکل آئے
جب میں نے سفینے میں ترا نام لیا ہے
طوفان کی باہوں سے کنارے نکل آئے
ہم جاں تو بچا لاتے مگر اپنا مقدر
اس بھیڑ میں کچھ دوست ہمارے نکل آئے
جگنو انہیں سمجھا تھا مگر کیا کہوں منصورؔ
مٹھی کو جو کھولا تو شرارے نکل آئے
آوارگی نے دل کی عجب کام کر دیا (غزل)
آوارگی نے دل کی عجب کام کر دیا
خوابوں کو بوجھ نیندوں کو الزام کر دیا
کچھ آنسو اپنے پیار کی پہچان بن گئے
کچھ آنسوؤں نے پیار کو بد نام کر دیا
جس کو بچائے رکھنے میں اجداد بک گئے
ہم نے اسی حویلی کو نیلام کر دیا
دل کو بچا کے رکھا تھا دنیا سے آج تک
لے آج ہم نے یہ بھی ترے نام کر دیا
تم نے نظر جھکا کے جہاں بات کاٹ دی
ہم نے وہیں فسانے کا انجام کر دیا