منوہر لال ہادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چرچا اس ایک بات کا دشت و دمن میں تھا (غزل)
چرچا اس ایک بات کا دشت و دمن میں تھا
کس کا لطیف ہاتھ ظہور چمن میں تھا
کانٹا تھا حسن ذات کا کرتا نہ کیوں خلش
یک گونہ حظ و لطف بھی لیکن چبھن میں تھا
اس شخص کے ضمیر نے کر لی تھی خودکشی
پودا ہوس کا جس کی تمنا کے بن میں تھا
سیارۂ گناہ کا سایہ جدھر پڑا
تارے سیاہ پوش تھے سورج گہن میں تھا
یلغار کر رہی تھی مزاحم پہ دم بہ دم
کس درجہ گرم خون انا کے بدن میں تھا
گو میری بات پر اسے ہادیؔ یقیں تو تھا
شک و گماں کا رنگ بھی اس کے چلن میں تھا
انساں کے کتنے روپ ہیں روئے انا سے پوچھ (غزل)
انساں کے کتنے روپ ہیں روئے انا سے پوچھ
ساز غرض سے مصلحت خوش نما سے پوچھ
تیرے سفر کی راہ میں کتنے سراب ہیں
میری نگہ سے پوچھ مرے نقش پا سے پوچھ
کتنے ہیں سانپ حجرۂ اخلاص میں نہ گن
میلی ردا سے پوچھ دریدہ قبا سے پوچھ
اک صرف تیرے قصر پہ بجلی گری تھی کیوں
مت پوچھ اس کے عدل سے اپنی خطا سے پوچھ
کیا کیا ملا ہے زندگیٔ بے ثبات سے
کلیوں سے پوچھ غنچۂ رنگیں ادا سے پوچھ
عاصی کی کیا شناخت ہے معصوم کی ہے کیا
یہ بات بارگاہ سزا و جزا سے پوچھ
اتنی کڑی تھی دھوپ ترے راستے میں کیوں
ہادیؔ یہ آج خالق کرب و بلا سے پوچھ