پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مجاز جے پوری کی غزلیں — Majaz Jaipuri Ghazals

مجاز جے پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایسے چھوتے ہیں تصور میں تجھے ہم چپ چاپ (غزل)

ایسے چھوتے ہیں تصور میں تجھے ہم چپ چاپ

جیسے پھولوں کو چھوا کرتی ہے شبنم چپ چاپ

ترک الفت پہ بھی کر جاتے ہیں اکثر گمراہ

میرے خوابوں کو ترے گیسوئے پر خم چپ چاپ

جیسے کرتی ہی نہیں تنگ ہمیں یہ معصوم

کیسے جاتی ہے شب ہجر سحر دم چپ چاپ

کوئی ملتا ہی نہیں اس کو سخن کا موضوع

بیٹھی رہتی ہے میرے پاس شب غم چپ چاپ

شورش وقت نے بخشی نہیں جائے افسوس

یعنی کرنا ہی پڑا زیست کا ماتم چپ چاپ

موج ہنگام چراغاں ہے نہ وہ رنگ عبیر

شوخیٔ عید بھی خاموش محرم چپ چاپ

میری آنکھیں ہیں ترے حسن کی گویا تصویر

میں نے دیکھا ہے ترے حسن کا عالم چپ چاپ

دور ابلیس کے یہ بادہ گساران مجازؔ

پیتے رہتے ہیں جہنم کا جہنم چپ چاپ

کچھ گردش زمانہ کچھ آرزو کرے ہے (غزل)

کچھ گردش زمانہ کچھ آرزو کرے ہے

باقی جو بچ رہے ہے وہ کام تو کرے ہے

خون جگر کرے ہے دل کو لہو کرے ہے

یہ دور آدمی کو یوں سرخ رو کرے ہے

موتی ہے یہ پلک پر رخسار پر ہے شبنم

گر کر زمیں پہ آنسو بے آبرو کرے ہے

زنداں کی دل شکستہ تنہائیوں میں کوئی

دیوار و در سے جانے کیا گفتگو کرے ہے

ہر ذرہ میکدہ ہے یہ تشنگی سلامت

کیوں ماتم شکست جام و سبو کرے ہے

کچھ معتبر نہیں ہے اسود ہو یا کہ مرمر

ان پتھروں کے آگے کیا آرزو کرے ہے

کب کا گزر چکا ہے دیوانگی کا عالم

پھر بھی مجازؔ اپنا دامن رفو کرے ہے

نہ اس کا پجاری نہ اس کا نمازی (نظم)

نہ اس کا پجاری نہ اس کا نمازی

نظر اس کی ہوتی نہیں امتیازی

فقط ایک مقصد فقط ایک باغی

شہید محبت نہ کافر نہ غازی

محبت کی رسمیں نہ ترکی نہ تازی

غم جاوداں ہے غم اولیں ہے

یہ فہم و فراست سے بالا تریں ہے

عجب اس کی دنیا عجب اس کا دیں ہے

وہ کچھ اور شے ہے محبت نہیں ہے

سکھاتی ہے جو غزنوی کو ایازی

یہی لائق کلمۂ آفریں ہے

یہ ایمان کامل مکمل یقیں ہے

اگرچہ ازل سے یہی دل نشیں ہے

یہ جوہر اگر کار فرما نہیں ہے

تو ہیں علم و حکمت فقط شیشہ بازی

نہ اس سمت ششدر نہ اس سمت حیران

نہ اس سے پریشاں نہ اس سے پشیماں

نہ موقوف صحرا نہ وقف گلستاں

نہ محتاج سلطاں نہ مرعوب سلطاں

محبت ہے آزادی و بے نیازی

نہ احساس مانوس جامہ دری سے

نہ ادراک منسوب جادوگری سے

مرا غم ہے بالا غم ہمسری سے

مرا فقر بہتر ہے اسکندری سے

یہ آدم گری ہے وہ آئینہ سازی

مزید غزلیں از مجاز جے پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں