محور سرسوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ کوئی عشق رہا اور نہ محبت ہے تمہیں (غزل)
نہ کوئی عشق رہا اور نہ محبت ہے تمہیں
صاف ظاہر ہے کہ اب مجھ سے عداوت ہے تمہیں
مسئلہ حل نہیں ہوگا کبھی خاموشی سے
لب کو جنبش دو اگر کوئی شکایت ہے تمہیں
میں تمہیں چھوڑ کے جاؤں یہ نہیں ہو سکتا
تم مجھے چھوڑنا چاہو تو اجازت ہے تمہیں
مسکراتے ہوئے چہرے پہ اداسی کیسی
کیا مری جان مرے ساتھ اذیت ہے تمہیں
تم کسی ایک کے رہتے نہیں سکے کی طرح
وقت کے ساتھ بدل جانے کی عادت ہے تمہیں
یوں تماشا نہ کرو ترک تعلق کر لو
اتنی پیاری اگر اجداد کی عزت ہے تمہیں
کھیلتے رہتے ہو معصوم دلوں سے اکثر
کھیلنا دل سے کوئی شوق نہیں لت ہے تمہیں
زندگی رنگ سے بے رنگ نظر آئے گی
تتلیاں قید نہ کرنا یہ نصیحت ہے تمہیں
مے ہوئی ختم تو ساقی نے کہا حضرت قیس
اشک پی لیجئے گر پیاس کی شدت ہے تمہیں
میری تنہائی مجھے دیکھ کے فرماتی ہے
میرے ہوتے ہوئے اور کس کی ضرورت ہے تمہیں
ہمارے سامنے جو مسکرا کے چلتے ہیں (غزل)
ہمارے سامنے جو مسکرا کے چلتے ہیں
فراق یار میں وہ کروٹیں بدلتے ہیں
وہ جن کے آتش الفت سے دل پگھلتے ہیں
سو ان کی آنکھوں سے آنسو بجا نکلتے ہیں
تمہیں خدا نے بنایا ہے سنگ مرمر سے
تمہارے جسم پہ شمس و قمر پھسلتے ہیں
وہ اور ہیں جو بہکتے ہیں جام پی پی کر
ہم اہل ظرف کے پی کر قدم سنبھلتے ہیں
ہماری تشنہ لبی کا امام ساقی ہے
ہمارے جیسے سبھی مے کدوں میں پلتے ہیں
نصیب ہوتی ہے اشعار میں فراوانی
زمین فکر پہ جب ایڑیاں مسلتے ہیں
تمہارے اشک بھی نازک مزاج ہیں جاناں
نکل کے آنکھ سے رخسار پر مچلتے ہیں
تو گویا ہو تو زمیں آسمان رقص کرے
تو چپ رہے تو زمانوں کے دل دہلتے ہیں
وہ ہو گیا ہے تکبر کی بیڑیوں میں اسیر
اسے خبر ہی نہیں آفتاب ڈھلتے ہیں
تمہارے جانے سے کلیوں کا دم نکلتا ہے
تمہارے آنے سے گلشن میں پھول کھلتے ہیں
مرے عروج کا محور ہے سادگی میری
وہ اس لئے تو مری سادگی سے جلتے ہیں
زندگی ہنساتی ہے (نظم)
زندگی ہنساتی ہے
زندگی رلاتی ہے
بے وجہ ستاتی ہے
بے پناہ جگاتی ہے
چین چھین لیتی ہے
درد اتنے دیتی ہے
موت سے ملاتی ہے
قبر میں سلاتی ہے
اور مسکراتی ہے
پھر یہ عرض کرتی ہے
بس یہ کام ہے میرا
زیست نام ہے میرا