پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مہتاب عالم کی غزلیں — Mahtab Alam Ghazals

مہتاب عالم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرحبا تم بھی ضرورت سے ملے (غزل)

مرحبا تم بھی ضرورت سے ملے

کون ہے اب جو محبت سے ملے

زندگی نے جو دئے ہم کو سبق

وہ کہاں پند و نصیحت سے ملے

دل ملانے سے بھلا کیا حاصل

جب طبیعت نہ طبیعت سے ملے

ہائے وہ شہر اماں جس میں ہم

روز اک تازہ قیامت سے ملے

یہ جو پلکوں پہ سجے ہیں موتی

سب ہمیں اس در دولت سے ملے

کون ہوگا وہ بجز آئینہ

شکل جس کی تری صورت سے ملے

آج پھینکی گئی ہم پر کچھ خاک

آج ہم اپنی حقیقت سے ملے

ہم نے سمجھا ہے انہیں پیار کے پھول

زخم جو سنگ ملامت سے ملے

تھے وہ عجلت میں گئے یہ کہہ کر

جس کو فرصت ہو وہ فرصت سے ملے

در تخیل کے مقفل نہیں ہونے دیتا (غزل)

در تخیل کے مقفل نہیں ہونے دیتا

میں تجھے آنکھ سے اوجھل نہیں ہونے دیتا

نیند آتی ہے تو آنکھوں میں جگہ دیتا ہوں

اپنی پلکوں کو میں بوجھل نہیں ہونے دیتا

کس کو سیراب کرے گا وہ چھلکتا بادل

جو مری پیاس کو جل تھل نہیں ہونے دیتا

چھین لیتا ہے مصور کے سبھی ہوش و حواس

حسن تصویر مکمل نہیں ہونے دیتا

کس کو افلاس نے رکھا ہے شگفتہ خاطر

یہ تو بچوں کو بھی چنچل نہیں ہونے دیتا

کوئی کاندھے پہ مرے ہاتھ دھرے ہے مہتابؔ

یہ تخیل مجھے پاگل نہیں ہونے دیتا

مزید غزلیں از مہتاب عالم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں