ماہ رخ علی ماہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پانا تمام عمر ہے کھونا تمام عمر (غزل)
پانا تمام عمر ہے کھونا تمام عمر
یوںہی لگا رہے گا تماشہ تمام عمر
تم چاہتے تھے ٹھیک ہے لیکن کسی کو بھی
دیکھا کسی کے ساتھ ٹھہرتا تمام عمر
جی چاہتا ہے وقت کی رفتار روک دوں
ٹھہرا رہے یہیں پہ یہ لمحہ تمام عمر
لمحوں کو روکنے کی بھی خواہش عجیب ہے
ٹھہرا کبھی ہے کیا کوئی لمحہ تمام عمر
تم خود بتاؤ یہ بھی کوئی زندگی ہوئی
غیروں کے آشیانوں میں رہنا تمام عمر
خود کو بھی چھوڑ آئے تھے تم بھی نہیں ملے
اب اپنا انتظار رہے گا تمام عمر
بس دشت دشت آبلہ پائی ہوئی نصیب
اب کیا بتائیں جھیلا ہے کیا کیا تمام عمر
ماہیؔ دعا کرو دل بیمار کے لئے
ورنہ جہاں میں دل نہیں لگنا تمام عمر
حق کس طرح ادا ہو ترا اے غم حیات
نوحہ تمام عمر ہو گریہ تمام عمر
اداس رات ہے اور ہر دیا بجھا ہوا ہے (غزل)
اداس رات ہے اور ہر دیا بجھا ہوا ہے
یہ حادثہ تو مرے ساتھ بارہا ہوا ہے
کچھ ایسا خوف مسلط ہے آج کل دل پر
سیاہ رات سے جیسے کوئی ڈرا ہوا ہے
وہ آئنے سے ہوا روبرو تو چیخ پڑا
تمہاری وجہ سے جو بھی ہوا برا ہوا ہے
نئی طرح کے تقاضوں کا قفل ہے در پر
مگر وہ وعدہ جو دہلیز پر پڑا ہوا ہے
یہ کرب حد سے زیادہ ہے اب جہاں میں ترے
جہاں جہاں بھی مرا نام تھا مٹا ہوا ہے
ہر ایک بوند میں پنہاں ہیں درد کی ٹیسیں
ضرور بارشوں میں اشک بھی ملا ہوا ہے
تمہارا مجھ سے تعلق ہے ماورا ماہیؔ
جو ظاہراً تو جدا ہے مگر جڑا ہوا ہے
اس سے کہنا (نظم)
اس سے کہنا
مری زندگانی میں بس رائگانی رہی
جتنے منظر مری آنکھ میں تیری صورت سے خالی گئے رائیگاں
جتنی راتیں تری یاد سے باز رہ کر گزاری گئیں رائیگاں
جتنی نیندیں پرے تیرے خوابوں سے تھیں رتجگوں سے زیادہ گراں
تیرا ملنا فقط حاصل زیست ٹھہرا
تری خیر ہو
ورنہ سب جتنی سانسیں بھری اس سفر میں
ترا ہاتھ ہاتھوں میں جب جب نہیں تھا
وہ سب رائیگاں
اس سے کہنا کہ ہم تیری راہوں میں ذرہ برابر بھی نہ بن سکے
ان کو صحبت میسر ہے قدموں کی تیرے مگر ہائے ہم
قصہ المختصر
زندگانی فقط رائیگانی