پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمود شاہد کی غزلیں — Mahmood Shahid Ghazals

محمود شاہد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مسافر ہوں مسافت چاہتا ہوں (غزل)

مسافر ہوں مسافت چاہتا ہوں

سفر کی رہ میں شدت چاہتا ہوں

بہت یکسانیت ہے روز و شب میں

میں فطرت سے بغاوت چاہتا ہوں

کوئی آئے مجھے شرمندہ کر دے

میں احساس ندامت چاہتا ہوں

مجھے اپنی ہی صورت دیکھنی ہے

بس اک لمحہ کی فرصت چاہتا ہوں

عجب سنجیدگی ماحول میں ہے

میں تھوڑی سی شرارت چاہتا ہوں

کہانی در کہانی در کہانی

میں قصہ میں طوالت چاہتا ہوں

نہ اپنوں سے نہ ہی غیروں سے شاہدؔ

میں خود سے ہی عداوت چاہتا ہوں

کہانی کی کہانی ہو گیا ہوں (غزل)

کہانی کی کہانی ہو گیا ہوں

طوالت میں مثالی ہو گیا ہوں

یہ بستی میری خاطر اجنبی تھی

کہ صدیوں میں مقامی ہو گیا ہوں

غرض کوئی نہیں دنیا سے مجھ کو

میں صد فیصد کتابی ہو گیا ہوں

مقابل جو بھی انساں ہے عدو ہے

میں سرحد کا سپاہی ہو گیا ہوں

میں جبراً کاٹ لیتا ہوں لب اس کے

محبت میں فسادی ہو گیا ہوں

مرا غم میرے آنسو میری ہستی

میں حد درجہ ہی ذاتی ہو گیا ہوں

نہیں امکان شاہد بہتری کا

خرابی کی خرابی ہو گیا ہوں

مزید غزلیں از محمود شاہد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں