پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

لکشمی نارائن فارغ کی غزلیں — Laxmi Narayan Farigh Ghazals

لکشمی نارائن فارغ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خواب میں بھی نہ کبھی ان سے ملاقات ہوئی (غزل)

خواب میں بھی نہ کبھی ان سے ملاقات ہوئی

ہمیں حاصل نہ کبھی وجہ مباہات ہوئی

فکر فردا ہے کبھی رنج و غم دوش کبھی

کس قدر روح بشر مورد آفات ہوئی

خستہ حالی پہ مری ان کو بھی رونا آیا

بعد مدت مرے ویرانے میں برسات ہوئی

وجہ آشوب تمنا ہوا فکر جنت

وجہ آسودگیٔ روح مناجات ہوئی

تشنگی مٹ نہ سکی کام و دہن کی فارغؔ

زندگی مفت میں مرہون خرابات ہوئی

درد جب دل میں سما جاتا ہے (غزل)

درد جب دل میں سما جاتا ہے

لذت‌ زیست بڑھا جاتا ہے

خون معصوم سے دیواروں پر

غم کا افسانہ لکھا جاتا ہے

اب تو ہر جذبۂ بیباک کا بھی

حوصلہ پست ہوا جاتا ہے

جانے کیوں مجھ کو حیا آتی ہے

وار جب ان کا خطا جاتا ہے

غم ایام کا ہر اک منظر

شدت درد بڑھا جاتا ہے

رفتہ رفتہ دل دیوانہ بھی

محرم راز ہوا جاتا ہے

بے گناہوں کا بھی اب تو فارغؔ

جینا دشوار ہوا جاتا ہے

مزید غزلیں از لکشمی نارائن فارغ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں