لتا حیا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں غزل ہوں مجھے جب آپ سنا کرتے ہیں (غزل)
میں غزل ہوں مجھے جب آپ سنا کرتے ہیں
چند لمحے مرا غم بانٹ لیا کرتے ہیں
جب وفا کرتے ہیں ہم صرف وفا کرتے ہیں
اور جفا کرتے ہیں جب صرف جفا کرتے ہیں
لوگ چاہت کی کتابوں میں چھپا کر چہرے
صرف جسموں کی ہی تحریر پڑھا کرتے ہیں
لوگ نفرت کی فضاؤں میں بھی جی لیتے ہیں
ہم محبت کی ہوا سے بھی ڈرا کرتے ہیں
اپنے بچوں کے لئے لاکھ غریبی ہو مگر
ماں کے پلو میں کئی سکے ملا کرتے ہیں
جو کبھی خوش نہ ہوئے دیکھ کے شہرت میری
میرے اپنے ہیں مجھے پیار کیا کرتے ہیں
جن کے جذبات ہوں نقصان نفع کی زد میں
ان کے دل میں کئی بازار سجا کرتے ہیں
فکر و احساس پہ پردہ ہے حیاؔ کا ورنہ
ہم غلط بات نہ سنتے نہ کہا کرتے ہیں
میں نے ویرانے کو گلزار بنا رکھا ہے (غزل)
میں نے ویرانے کو گلزار بنا رکھا ہے
کیا برا ہے جو حقیقت کو چھپا رکھا ہے
دور حاضر میں کوئی کاش زمیں سے پوچھے
آج انسان کہاں تو نے چھپا رکھا ہے
وہ تو خود غرضی ہے لالچ ہے ہوس ہے جن کا
نام اس دور کے انساں نے وفا رکھا ہے
وہ مرے صحن میں برسے گا کبھی تو کھل کر
میں نے خواہش کا شجر کب سے لگا رکھا ہے
میں تو مشتاق ہوں آندھی میں بھی اڑنے کے لئے
میں نے یہ شوق عجب دل کو لگا رکھا ہے
میں کہ عورت ہوں مری شرم ہے میرا زیور
بس تخلص اسی باعث تو حیاؔ رکھا ہے