پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

لئیق عاجز کی غزلیں — Laiq Aajiz Ghazals

لئیق عاجز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دشمنوں کو دوست بھائی کو ستم گر کہہ دیا (غزل)

دشمنوں کو دوست بھائی کو ستم گر کہہ دیا

لوگ کیوں برہم ہیں کیا شیشے کو پتھر کہہ دیا

اس لیے مجھ کو امیر شہر نے دی ہے سزا

میں نے خود کو خادم سبط پیمبر کہہ دیا

چڑھتے سورج کی پرستش میں سبھی مصروف تھے

مجھ سے جب پوچھا گیا اللہ اکبر کہہ دیا

کتنے سادہ لوح ہیں یہ سب سفیران جنوں

راہزن بھی مل گیا تو اس کو رہبر کہہ دیا

ہو گیا دشمن بھی میرے حوصلے کا معترف

مجھ کو دریائے حوادث کا شناور کہہ دیا

شعر کہنے میں مجھے عاجزؔ مزہ آنے لگا

اس نے جب بے ساختہ مجھ کو سخن ور کہہ دیا

سجا رہے گا اندھیروں سے ہی کھنڈر میرا (غزل)

سجا رہے گا اندھیروں سے ہی کھنڈر میرا

اک ایک کر کے ہوا ختم اب سفر میرا

مرا مزاج مرا طرز زندگی ہے جدا

نہ ہو سکے گا مرے گھر میں بھی گزر میرا

جو کام آ سکے لے جا مرے عزیز ابھی

یہ تیرے سامنے حاضر ہے آج سر میرا

قلم اٹھاؤں کہ بچوں کی زندگی دیکھوں

پڑا ہوا ہے دوراہے پہ اب ہنر میرا

ہے خشک پتوں کی مانند زندگی عاجزؔ

نہ خاندان ہے کوئی نہ کوئی گھر میرا

مزید غزلیں از لئیق عاجز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں