پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کبیر کافر کی غزلیں — Kuber Kaafir Ghazals

کبیر کافر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شجر اصولوں کے سارے جلا دئے ہم نے (غزل)

شجر اصولوں کے سارے جلا دئے ہم نے

نشان شرم و حیا کے مٹا دئے ہم نے

نیا زمانہ نئی نسل کے نئے بچہ

انہیں بھی خواب پرانے دکھا دئے ہم نے

ہمارے بعد کوئی اس مقام تک نہ گیا

نشان قدموں کے سارے مٹا دئے ہم نے

بہت برا ہے نظارہ ہمارے کوچہ کا

سبھی دریچوں کے پردے گرا دئے ہم نے

غموں کی دھوپ کا بچو ملال کیا کرنا

رضا و صبر کے برگد لگا دئے ہم نے

ہوا کا شور بہت زور سے تھا آنگن میں

چراغ جلتے ہوئے خود بجھا دئے ہم نے

کیسے دیار کیسے مکانوں میں آ گیا (غزل)

کیسے دیار کیسے مکانوں میں آ گیا

سوکھے ہوئے درختوں کے سایوں میں آ گیا

جب لام میم نون ردیفوں میں آ گیا

اک مختلف سا ذائقہ غزلوں میں آ گیا

پھر روشنی بکھر گئی تاریکیوں میں آپ

اس کا وہ ہاتھ جب مرے ہاتھوں میں آ گیا

چھونے کی آرزو تھی مری کل تلک جسے

وہ آج خودبخود مری باہوں میں آ گیا

الجھے ہیں اس طرح سے محبت کے جال میں

جیسے کہ کوئی خم تری زلفوں میں آ گیا

مر جاتے اس کے در پہ پٹختے جو اور سر

اچھا ہوا اثر کہ جو آہوں میں آ گیا

ظاہر تھا یہ کہ بول رہا ہے وہ جھوٹ پر

پھر بھی نہ جانے کیسے میں باتوں میں آ گیا

مزید غزلیں از کبیر کافر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں