پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خورشید خاور امروہوی کی غزلیں — Khurshid Khawar Amrohvi Ghazals

خورشید خاور امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کس کو سناؤں حال دل بے قرار کا (غزل)

کس کو سناؤں حال دل بے قرار کا

ملتا نہیں ہے کوئی بشر اعتبار کا

کیسے گزر وہاں ہو سکون و قرار کا

جھگڑا پڑا ہوا ہو جہاں نور و نار کا

نقد حیات ان کی ہے بے مصرف و فضول

جن کو خیال ہی نہیں اپنے وقار کا

اجڑا ہے جب سے میرا نشیمن ہوں مطمئن

خطرہ ہی ختم ہو گیا برق و شرار کا

ہے دن کی روشنی تو کبھی رات کا سماں

جاری ہے سلسلہ یوں ہی لیل و نہار کا

توصیف اس کی میری زباں سے ہو کیا بیاں

یکجا ہوا ہے حسن عروس بہار کا

بے بال و پر ہے پھر بھی بنایا ہے آشیاں

مقدور اور کیا تھا غریب الدیار کا

جان بہار بن کے تصور میں آ گئے

جب بھی چھڑا ہے تذکرہ فصل بہار کا

تخلیق کائنات کے اسباب کچھ بھی ہوں

خاورؔ یہ ایک شغل ہے پروردگار کا

ملا مجھ سے وہ اتنی بے رخی سے (غزل)

ملا مجھ سے وہ اتنی بے رخی سے

کہ جیسے اجنبی اک اجنبی سے

مذمت صرف وہ کرتے ہیں اس کی

نہیں واقف جو رمز عاشقی سے

سر فہرست ہیں اہل خرد کی

جنہیں نسبت نہیں کچھ آگہی سے

جو تھا تقدیر میں وہ پیش آیا

شکایت کیا کروں اب میں کسی سے

سنانا چاہتا ہوں دل کی باتیں

مگر ڈرتا ہوں ان کی برہمی سے

غبار راہ سے کہہ دو کہ چھٹ جائے

نہیں واقف یہ قیس عامری سے

یہاں جب سیر کو بھی ہو سوایا

تو پھر کم خود کو کیوں سمجھوں کسی سے

سمجھتا ہے وہی روزی رساں ہے

توقع اور کیا ہو آدمی سے

مصیبت میں نہیں کوئی کسی کا

ملا خاورؔ سبق یہ دوستی سے

مزید غزلیں از خورشید خاور امروہوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں