پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خورشید برہانپوری کی غزلیں — Khursheed Burhanpuri Ghazals

خورشید برہانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میرے عیبوں کے مقابل میں ہنر رکھتے ہیں (غزل)

میرے عیبوں کے مقابل میں ہنر رکھتے ہیں

میرے احباب بھی دشمن کی نظر رکھتے ہیں

وہ تو ہم ہیں کہ ہمیں اپنی خبر کچھ بھی نہیں

لوگ تو سارے زمانے کی خبر رکھتے ہیں

راہ مسدود ہے منزل کا نشاں ہے معدوم

ان سے کیا کہیے گا جو عزم سفر رکھتے ہیں

تنگ آ کر حرم و دیر کے جھگڑوں سے پرے

لیجئے ہم در مے خانہ پہ سر رکھتے ہیں

ہوں جو حوران بہشتی تو کوئی بات کریں

ہم فرشتوں کی طرح قلب و نظر رکھتے ہیں

کتنے ہشیار ہیں گل چیں کہ بوقت گل گشت

پھول چنتے ہوئے کانٹوں پہ نظر رکھتے ہیں

اس سے ملیے یہ ہیں خورشیدؔ قیامت اے دوست

موم کا دل ہے تو پتھر کا جگر رکھتے ہیں

مسلسل غم مسرت کی خبر ہونے نہیں دیتے (غزل)

مسلسل غم مسرت کی خبر ہونے نہیں دیتے

یہ ظالم میری راتوں کی سحر ہونے نہیں دیتے

کچھ ایسے ہیں ابھی پروردۂ دور خزاں باقی

جو گلشن میں بہاروں کا گزر ہونے نہیں دیتے

وہ رہ رہ کر خیالوں میں بھی خوابوں میں بھی آتے ہیں

کسی صورت مجھے اپنی خبر ہونے نہیں دیتے

سمجھتے ہیں مگر یوں سوئے منزل بڑھتے جاتے ہیں

ارادوں کو نتیجوں کی خبر ہونے نہیں دیتے

مرے ہاتھوں کو تعمیری عناصر روک لیتے ہیں

مجھے غارت گر دیوار و در ہونے نہیں دیتے

مجھے ملنے نہیں دیتے ہیں کیوں تم سے جہاں والے

یہ اک مرکز پہ کیوں شمس و قمر ہونے نہیں دیتے

جنہیں خورشیدؔ آتا ہے مزہ صبر و قناعت میں

طبیعت کو اسیر سیم و زر ہونے نہیں دیتے

مزید غزلیں از خورشید برہانپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں