پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خورشید احمد ملک کی غزلیں — Khursheed Ahmad Malik Ghazals

خورشید احمد ملک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

موسم گل یہ تری زرد صحافت کیسی (غزل)

موسم گل یہ تری زرد صحافت کیسی

پھول معصوم ہیں پھولوں سے سیاست کیسی

اس نے دلدل کے قریں چھوڑ دی انگلی میری

خضر کہلاتا ہے کرتا ہے قیادت کیسی

جیسے اس بار ہواؤں میں لگی ہو دیمک

ہو رہی ہے مری سانسوں کی کفالت کیسی

میں جہاں بھی رہوں یہ ڈھونڈ نکالے گی مجھے

جانتا ہوں کہ ہے مٹی کی بصارت کیسی

چھن گئی مجھ سے ہر اک چیز الف سے یا تک

میرے ماضی نے یہ لکھی تھی وصیت کیسی

گر کوئی قتل نہیں کرتا ہے اندر سے مجھے

پھر مری پلکوں پہ اشکوں کی یہ میت کیسی

سنگ ہاتھوں میں لئے سوچ رہا ہوں خورشیدؔ

آئنے سے یہ نکل آئی رقابت کیسی

کیا کیا نہ دوستی کے جنازے اٹھائے ہیں (غزل)

کیا کیا نہ دوستی کے جنازے اٹھائے ہیں

تھک ہار کر عدو کے علاقے میں آئے ہیں

آ دیکھ زندگی تری عزت کے واسطے

زخمی لبوں سے ہم نے تبسم لٹائے ہیں

کس سے کریں سوال کے آوا بھی چاہیے

ہم نے بھی چاک پر کئی کوزے بنائے ہیں

تیزاب چھڑکے جائیں گے روئے گلاب پر

سنتے ہیں گلستاں میں وہ تشریف لائے ہیں

ماضی کو حال کرنے کی یہ بھی ہے اک للک

آواز تو نے دی ہے تو ہم لوٹ آئے ہیں

ہم پر ہی روشنی کی امامت ہوئی تمام

ہم نے دئے ہواؤں کے گھر میں جلائے ہیں

صحرا میں زندگی کی علامت بھی ڈھونڈھنا

ہم بھی کئی سراغ وہاں چھوڑ آئے ہیں

کھینچی تھی تم نے حد وفا کی جہاں لکیر

ہم حسرتیں تمام وہاں چھوڑ آئے ہیں

یہ ہے کسی کے غم کی شریعت کا اہتمام

آنکھیں مری ضرور ہیں آنسو پرائے ہیں

تحفے میں تم نے بھیجے تھے بجھتے دئے تمام

اور ہم تمہارے واسطے خورشیدؔ لائے ہیں

مزید غزلیں از خورشید احمد ملک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں