پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خطیب رفعت اللہ رفعت کی غزلیں — Khateeb Rafatullah Rafat Ghazals

خطیب رفعت اللہ رفعت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جلتے ہوئے گھروں کا دھواں میرے گھر میں ہے (غزل)

جلتے ہوئے گھروں کا دھواں میرے گھر میں ہے

تسکین اضطراب حد معتبر میں ہے

رحمت کے عرض و طول کا انداز لا محال

توبہ کی آب و تاب دم مختصر میں ہے

تحریر اشتباہ سے گھبرائیے نہیں

ہاں ذوق شرح متن ہر اک نامہ بر میں ہے

ہم چاہ کر کہیں بھی ٹھہرنے نہ پائیں گے

یہ ساری کائنات برابر سفر میں ہے

یہ سارا دہر عرصۂ تحسیں ضرور ہے

بس ایک ماہتاب ہماری نظر میں ہے

رفعتؔ کہو شعار سکوں کس کا نام ہے

ہر ایک آدمی یہاں خوف و خطر میں ہے

ہر امتحان ان کا صبر آزما ہے کتنا (غزل)

ہر امتحان ان کا صبر آزما ہے کتنا

ادنیٰ سی بات پر بھی فتنہ مچا ہے کتنا

پل بھر کا اک تصادم تو اور میں کا قصہ

پتھر کے ساتھ شیشے کا رابطہ ہے کتنا

تہذیب نو کی وحشی ادوار میں کشش ہے

پارینہ واقعوں کا پہلو نیا ہے کتنا

نشتر زنی میں نیش کژدم کی ہی ادا ہے

جاں لیوا ایک حربہ اب جاں فزا ہے کتنا

کچھ ہو سکا نہ رفعتؔ تھوڑی سی زندگی میں

عزم سفر کے آگے یہ راستہ ہے کتنا

مزید غزلیں از خطیب رفعت اللہ رفعت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں