خاقان خاور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کبوتر جس طرف سے آ رہا ہے (غزل)
کبوتر جس طرف سے آ رہا ہے
ادھر تیروں کا لشکر جا رہا ہے
بدن کرنوں کا میلا ہو نہ جائے
فضا میں وہ دھواں پھیلا رہا ہے
ہمارے کل کو مہکانا ہے اس نے
مگر وہ پھول تو مرجھا رہا ہے
یہ میری لاش کو ساحل پہ رکھ کر
سمندر کس طرف کو جا رہا ہے
میں کھو جاتا کہیں ظلمت میں لیکن
مجھے رستہ کوئی دکھلا رہا ہے
نہیں پیچھے بھی مڑ کے میں نے دیکھا
یہ میرا جسم کیوں پتھرا رہا ہے
کوئی زینہ تو پاؤں میں ہے خاورؔ
جو اس تیزی سے اوپر جا رہا ہے
شاخ سے پتے پرندے آشیاں سے جا چکے (غزل)
شاخ سے پتے پرندے آشیاں سے جا چکے
کیسی رت ہے سب مکیں اپنے مکاں سے جا چکے
میں خلاؤں میں بھٹکنے کو اکیلا رہ گیا
میرے ساتھی چاند تارے آسماں پر جا چکے
خشک پتے اڑتے پھرتے ہیں یہاں اب جا بہ جا
رنگ و نکہت کے مسافر گلستاں تک جا چکے
تیرے قابو میں تھے جب تیرے تھے اب تیرے نہیں
اڑ کے اب الفاظ کے پنچھی زباں سے جا چکے
کہہ رہے ہیں درد میں ڈوبے ہوئے دیوار و در
ڈھونڈتے پھرتے ہو جن کو تم یہاں سے جا چکے
زندگی میں دیکھنے تھے یہ بھی دن خاورؔ ہمیں
جو کبھی بچھڑے نہ تھے وہم و گماں سے جا چکے