پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خان جانباز کی غزلیں — Khan Janbaz Ghazals

خان جانباز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عاشق جو اس گلی کا بھی مر کر چلا گیا (غزل)

عاشق جو اس گلی کا بھی مر کر چلا گیا

دنیا سے ایک اور قلندر چلا گیا

غربت کا اپنے حال تجھے اور کیا کہوں

اک دن تو اک فقیر بھی اٹھ کر چلا گیا

فرعون اپنے دور کا زندہ ہے آج بھی

دنیا سمجھ رہی تھی ستم گر چلا گیا

چاقو پہ ہے نشان کسی بے گناہ کا

قاتل تو ہاتھ میں لئے خنجر چلا گیا

وہ تنکا جوڑ کر کے نشیمن جو تھا بنا

بستی کی آگ میں وہ مرا گھر چلا گیا

امید کر چکا تھا نئے سال سے بہت

اک اور زخم دے کے دسمبر چلا گیا

لیلیٰ سے جو ملا تھا وہ پتھر لئے ہوئے

جانبازؔ اپنے شہر سے باہر چلا گیا

مجھے بنانے میں سب کا خرچہ لگا ہوا ہے (غزل)

مجھے بنانے میں سب کا خرچہ لگا ہوا ہے

کسی کا لوہا کسی کا تانبا لگا ہوا ہے

نہیں ہے اپنا کوئی بھی دنیا جہاں میں لیکن

کسی کو کھونے کا مجھ کو خدشہ لگا ہوا ہے

کبھی تھی ٹھنڈی زمین سائے سے جن کے لوگو

ہمارا ایسے شجر سے شجرہ لگا ہوا ہے

وہ شوخ لڑکی حسین چہرہ کمال باتیں

سنا ہے اس کا کسی سے رشتہ لگا ہوا ہے

مجھے ہمیشہ سے بیٹری کہہ کے ہنسنے والی

تجھے ہی تکنے سے مجھ کو چشمہ لگا ہوا ہے

کسی کی آنکھیں کسی کا دل اتنا کہہ کے جانبازؔ

وہ پوچھتا ہے کہ تیرا کیا کیا لگا ہوا ہے

نہ جانے کتنے دن گزرے (نظم)

نہ جانے کتنے دن گزرے

نہ کوئی کال نہ میسج

نہ کوئی رابطہ رکھا

تمہیں میں یاد تو ہوں نا

یا مجھ کو بھول بیٹھے ہو

کہاں اپنا ہمیشہ ساتھ رہنے کا ارادہ تھا

کہ چاہے جو بھی ہو جائے کبھی بھی ہم نہ بچھڑیں گے

تمہارا بھی تو وعدہ تھا

تمہیں معلوم ہے کیسے تمہارے بن رہا ہوں میں

میں شب بھر جاگتا اور چاند سے باتیں کیا کرتا

کہیں جب بات آتی تھی تمہارے حسن کی تو میں

الجھ پڑتا تھا اس سے بھی

تمہارے حسن کے حق میں دلیلیں میری سن سن کر

ستارے ہنسنے لگتے تھے

تمہاری واپسی کے خواب مجھ کو دن میں آتے تھے

ارے دیکھو یہ میں بھی نا

بڑا پاگل ہوں جان جاں

یہ بھی کیا وقت ہے کوئی شکایت کا

چلو چھوڑو ہٹاؤ سب

جنم دن ہے تمہارا آج

کہ شکوے اور شکایت کو تو ساری عمر باقی ہے

تمہیں یہ دن مبارک ہو

تمہارا دن مبارک ہو

مزید غزلیں از خان جانباز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں