پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خان عتیق آفریدی کی غزلیں — Khan Ateeq Afridi Ghazals

خان عتیق آفریدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنے محسن سے دغا کرنا بتایا بھی نہیں (غزل)

اپنے محسن سے دغا کرنا بتایا بھی نہیں

یہ ہنر مجھ کو بزرگوں نے سکھایا بھی نہیں

مدتوں بعد ملا تھا وہ مگر حال مرا

اس نے پوچھا بھی نہیں میں نے بتایا بھی نہیں

کوئی بے حس کبھی توقیر کے قابل جو ہوا

ایسے کم ظرف سے منہ میں نے لگایا بھی نہیں

وقت نے مجھ کو یہ مہلت ہی نہ دی خواب بنوں

اور آنکھوں نے کوئی خواب دکھایا بھی نہیں

گھر پڑوسی کا جلے اور نہ ہو دکھ مجھ کو

جھول ایسا مرے کردار میں آیا بھی نہیں

یوں تو قسمت کے نوشتے میں بلندی تھی مگر

میں نے سر اپنا کسی در پہ جھکایا بھی نہیں

شہرتیں میرے تعاقب میں رہیں لاکھ عتیقؔ

آج تک میں نے انہیں خود سے ملایا بھی نہیں

گلوں کا حسن بھی میں رونق بہار بھی میں (غزل)

گلوں کا حسن بھی میں رونق بہار بھی میں

خزاں رسیدہ سی ٹہنی پہ نوک خار بھی میں

شکست خوردہ بھی میں فتح کا خمار بھی میں

جو گرتے گرتے سنبھل جائے وہ سوار بھی میں

جدید لمحے بھی میرے حصار ذات میں ہیں

اور اپنے پرکھوں کی عظمت کی یادگار بھی میں

بچھڑ کے اس کی مجھے یاد تک نہیں آئی

یہ اور بات کہ رہتا ہوں بے قرار بھی میں

خدا کا شکر کہ ہر چیز اس نے بخشی ہے

مگر مزید عنایت کا خواست گار بھی میں

یہ کائنات بنائی گئی ہے میرے لیے

ہر ایک منظر ہستی کا رازدار بھی میں

نئی عمارتیں بھی میرے نام سے منسوب

پرانے شہر کی گلیوں کا افتخار بھی میں

یہ سچ ہے مملکت شعر کا ہوں شہزادہ

اگر خلوص سے دیکھو تو تاجدار بھی میں

ہے میری ذات بھی منجملۂ صفات عتیقؔ

انا شناس بھی میں روح انکسار بھی میں

جب تمہاری یاد آئی (نظم)

جب تمہاری یاد آئی

انگلیوں کو جنبش دی

سال ماہ اور ہفتے

دن پہر گھڑی لمحے

انگلیوں پہ گن ڈالے

اور دل کو سمجھایا

اتنے سال بیتے ہیں اتنے سال باقی ہیں

اور پھر تسلی دی

اتنے سال بیتیں تو ان سے پھر ملن ہوگا

لیکن اب کہاں ممکن

اور دل کو سمجھانا

گھس گئیں ہیں گن گن کر

انگلیوں کی ریکھائیں

مزید غزلیں از خان عتیق آفریدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں