پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خلیل راضی کی غزلیں — Khaleel Raazi Ghazals

خلیل راضی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ناخدا بھی نہیں خدا بھی نہیں (غزل)

ناخدا بھی نہیں خدا بھی نہیں

کوئی میرا ترے سوا بھی نہیں

مدعا غیر مدعا بھی نہیں

اور حسرت کا پوچھنا بھی نہیں

کاہش غم حریف جاں ہی سہی

غم نہ ہو تو یہاں مزا بھی نہیں

شیشۂ دل تو چور ہے لیکن

آسرا ہے کہ ٹوٹتا بھی نہیں

حسن کا عکس ہے حجاب نظر

پھر جنوں کو تو سوجھتا بھی نہیں

بزم سے ان کی اٹھ گیا خود میں

کوئی پرسان حال تھا بھی نہیں

عشق میں پڑ کے لٹ گیا رازیؔ

ان کو غم ہے کہ کچھ ہوا بھی نہیں

بھٹک رہا ہوں کہ گر کر سنبھل رہا ہوں میں (غزل)

بھٹک رہا ہوں کہ گر کر سنبھل رہا ہوں میں

کسی طرح سے تو رستے پہ چل رہا ہوں میں

نوازشات کی حد سے نکل رہا ہوں میں

ہٹا لے ہاتھ کہ کروٹ بدل رہا ہوں میں

جنوں میں عقل کی سوداگری بھی کی میں نے

نگاہ ناز سے دنیا بدل رہا ہوں میں

ہوائے غم سے گھرا ہے چراغ ہستی کا

سنبھالنا کہ ترے پاس جل رہا ہوں میں

کسی بھی سانچے میں قسمت نہ ڈھل سکی اب تک

ہزار سوز تپش سے پگھل رہا ہوں میں

وہ آ چلے وہ ابھی آئے دیکھ لو رازیؔ

ذرا سی دیر ہے رک جاؤ چل رہا ہوں میں

مزید غزلیں از خلیل راضی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں