پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کمل سیتاپوری کی غزلیں — Kamal Seetapuri Ghazals

کمل سیتاپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی شعلوں پہ کبھی برف پہ چل کر دیکھا (غزل)

کبھی شعلوں پہ کبھی برف پہ چل کر دیکھا

ہم نے ہر رنگ محبت میں بدل کر دیکھا

میرا سایہ ہی مجھے خوفزدہ کرتا ہے

کھول کر آنکھ کبھی آنکھ کو مل کر دیکھا

سرفروشی نے تو پہچان لیا قاتل کو

خون چہرے پہ شہیدوں کا بھی مل کر دیکھا

مہرباں مجھ پہ ہے وہ لوگ یہ کہتے ہیں مگر

اس نے دیکھا ہے تو تیور ہی بدل کر دیکھا

منجمد خون کے قطرات فضا گرد آلود

بند کمرے سے جو آنگن میں نکل کر دیکھا

اس کی فطرت نہ بدلنی تھی نہ بدلی اب تک

اس نے چہرے کو کئی بار بدل کر دیکھا

اک روز دیکھ کر وہ مجھے مسکرا دئے (غزل)

اک روز دیکھ کر وہ مجھے مسکرا دئے

یاروں نے اتنی بات کے قصے سنا دئے

چھپر اڑا کے لے گئی گھر کا ہوائے تند

لوگوں نے کچھ ستون تھے وہ بھی گرا دئے

پہلے بلا کے گھر میں کسی نے بصد خلوص

پھر ہر نگاہ پر مری پہرے بٹھا دئے

میرا ہی مال و زر سبھی اپنوں میں بانٹ کر

اب کہہ رہے ہیں وہ کہ خزانے لٹا دئے

تم کو مرے وطن کی ہواؤ سلام ہے

میں نے روش روش پہ نئے گل کھلا دئے

اب بھی ہمارے گھر میں اندھیرا ہے چار سو

گو ہم نے اپنے عزم کے سورج اگا دئے

اب تک نہ صاف آئی نظر کوئی شے کملؔ

گھر میں بجھے چراغ بھی ہم نے جلا دئے

مزید غزلیں از کمل سیتاپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں