کلیم احمدآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زور بازو بھی ہے اور سامنے نخچیر بھی ہے (غزل)
زور بازو بھی ہے اور سامنے نخچیر بھی ہے
دیکھنا یہ ہے کہ ترکش میں کوئی تیر بھی ہے
کس طرح عشق مجازی کو حقیقی کر لوں
سامنے تو ہے بغل میں تری تصویر بھی ہے
کچھ نہیں ہے ترے ہاتھوں میں لکیروں کے سوا
بات ناصح کی ہے لیکن خط تقدیر بھی ہے
چھیڑتی ہے مجھے آ آ کے مری آزادی
گو میں قیدی ہوں مرے پاؤں میں زنجیر بھی ہے
میرے ہونے کا مرے ہوش کو احساس نہیں
ورنہ جو قطرۂ خوں ہے وہ شرر گیر بھی ہے
اہل دل کے لئے آزار ہے دنیا کو مفید
عقل اک ہوش ہے اور ہوش کی تعبیر بھی ہے
کوئی سمجھے کہ نہ سمجھے ترے اشعار کلیمؔ
زور غالبؔ بھی ہے اور دل کشیٔ میرؔ بھی ہے
انقلاب دہر رک رک کر جواں بنتا گیا (غزل)
انقلاب دہر رک رک کر جواں بنتا گیا
جو سبک سر تھا وہی سنگ گراں بنتا گیا
نغمۂ دل جب بڑھا آہ و فغاں بنتا گیا
آسماں اک اور زیر آسماں بنتا گیا
جانے کیا بھر دی ہیں اس نے اس چمن میں شوخیاں
جو بھی آیا وہ چمن کا رازداں بنتا گیا
ہر نفس کو اپنی منزل کا پتہ ملتا نہیں
جو جہاں ٹھہرا وہیں اک کارواں بنتا گیا
سرد آہوں کا تصرف ہو تو سوز دل کہاں
دل سے جو شعلہ اٹھا وہ بھی دھواں بنتا گیا
بے سبب ہوتا نہیں جذبات دل کا ولولہ
جس نے سمجھا آئی اپنا رازداں بنتا گیا
کچھ بہاروں میں خزاں ہے کچھ خزاں میں ہے بہار
پھول مرجھائے تو غنچہ گلستاں بنتا گیا
آدمی کی اصلیت کو آدمی سمجھا نہیں
ایک قطرہ تھا جو بحر بیکراں بنتا گیا
ہم تو بیٹھے ہی رہے اپنی اسیری کو لئے
بننے والا کام بے وہم و گماں بنتا گیا
میرؔ و غالبؔ سے بڑھے تو حضرت اقبالؔ تک
شغل شعر و شاعری کا جاوداں بنتا گیا
دہر میں یہ بھی تو ہیں قانون فطرت کے اصول
جو نظر سے گر گیا وہ دلستاں بنتا گیا
برق کی سرگرمیاں تسنیم پھر بھی اے کلیمؔ
بجلیاں گرتی رہیں اور آشیاں بنتا گیا