کیف حسین بنارسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اٹھاؤ مے کشو جتنا بھی جام باقی ہے (غزل)
اٹھاؤ مے کشو جتنا بھی جام باقی ہے
کہ رقص باقی ہے ہو کا مقام باقی ہے
ابھی تو عشق کے اسرار کھلنے والے ہیں
ابھی تو اور بہت اہتمام باقی ہے
اسیر ضبط ہوں سو اپنے عاشقوں میں مرا
وہ ایک روز پکارے گا نام باقی ہے
خودی کو دل سے لگایا تو یہ سمجھ آیا
بس ایک کیفؔ ترا احترام باقی ہے
کچھ اس ادا سے تجھ کو دیوانہ دیکھتا ہے (غزل)
کچھ اس ادا سے تجھ کو دیوانہ دیکھتا ہے
روشن دیے کو جیسے پروانہ دیکھتا ہے
وہ سامنے گر آئیں دیکھوں گا ان کو لیکن
ایسے کہ جیسے کوئی بیگانہ دیکھتا ہے
میں ذات میں ہوں شامل اس کی سو اس طرح سے
وہ شخص خود میں مجھ کو روزانہ دیکھتا ہے
آنکھوں کے سامنے گر جلوہ حبیب کا ہو
عاشق بھلا کہاں پھر پیمانہ دیکھتا ہے
کعبہ ہو یا کلیسا یا بت کدہ ہو کوئی
پیاسا ہو رند گر تو مے خانہ دیکھتا ہے
اک عمر ساتھ رہ کر اب کیفؔ دوستوں میں
کتنا ہے کس سے اپنا یارانہ دیکھتا ہے
مزید غزلیں از کیف حسین بنارسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں