پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کبیر اطہر کی غزلیں — Kabeer Athar Ghazals

کبیر اطہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو عام سا اک سوال پوچھا تو کیا کہیں گے (غزل)

جو عام سا اک سوال پوچھا تو کیا کہیں گے

کسی نے ہم سے بھی حال پوچھا تو کیا کہیں گے

جو سر کے بل خاک میں گڑے ہیں کسی نے ان سے

بلندیوں کا مآل پوچھا تو کیا کہیں گے

زمانے بھر کو تو ہم نے خاموش کر دیا ہے

جو دل نے بھی اک سوال پوچھا تو کیا کہیں گے

جنہیں ہمارے لہو کی لت ہے کسی نے ان سے

خمار رزق حلال پوچھا تو کیا کہیں گے

جسے غزل میں برت کے ہم داد پا چکے ہیں

کسی نے اس دکھ کا حال پوچھا تو کیا کہیں گے

اگر ہم اس کی خوشی میں خوش ہیں تو دوستوں نے

جواز حزن و ملال پوچھا تو کیا کہیں گے

یہ ہم جو اوروں کے دکھ کا ٹھیکا لیے ہوئے ہیں

کسی نے اس کا مآل پوچھا تو کیا کہیں گے

جو اپنی جانیں بچا کے خوش ہیں کبیرؔ ان سے

کسی نے بستی کا حال پوچھا تو کیا کہیں گے

کبھی فراق کبھی لذت وصال میں رکھ (غزل)

کبھی فراق کبھی لذت وصال میں رکھ

مجھ اعتدال سے عاری کو اعتدال میں رکھ

نچا رہا ہے مجھے انگلیوں پہ عشق ترا

تمام عمر اسی رقص بے مثال میں رکھ

دکھی ہو دل تو اترتی ہے شاعری مجھ پر

تجھے غزل کی قسم ہے مجھے ملال میں رکھ

تو چاہتا ہے اگر کار۔آفتاب کروں

مرا عروج مری ساعت زوال میں رکھ

ترے بغیر گزاری ہے زندگی میں نے

تو اس ستم کی تلافی بھی ماہ و سال میں رکھ

تو دل ہے اور دھڑکنا تری عبادت ہے

سو خود کو جسم سے باہر بھی تو دھمال میں رکھ

شکم سے ہو کے گزرتے ہیں قول و فعل مرے

مجھ ایسے شخص کو نان و نمک کے جال میں رکھ

مرے بدن کو بھلے اس سے آگ لگ جائے

چراغ حرف مگر میرے بال بال میں رکھ

میں اس عذاب کے نشے میں مبتلا ہوں کبیرؔ

پرائی آگ اٹھا کر مری سفال میں رکھ

مزید غزلیں از کبیر اطہر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں