پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جاوید صدیقی اعظمی کی غزلیں — Javed Siddiqi Azmi Ghazals

جاوید صدیقی اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ظلم حد سے گزرتا رہا (غزل)

ظلم حد سے گزرتا رہا

اشک فریاد کرتا رہا

ڈر نہیں دشمنوں کا مجھے

اپنے سائے سے ڈرتا رہا

اس کا کردار تھا آئنہ

عمر بھر میں سنورتا رہا

پوچھ کر خیریت وہ مری

اور بیمار کرتا رہا

زندگی تیری تعمیر میں

ٹوٹ کر میں بکھرتا رہا

ایک پل کی خوشی کے لئے

آدمی روز مرتا رہا

رنگ محفل تو بدلا نہیں

لاکھ کوشش میں کرتا رہا

کون جاویدؔ دل میں ترے

رفتہ رفتہ اترتا رہا

شکایت اب نہیں مجھ کو کسی سے (غزل)

شکایت اب نہیں مجھ کو کسی سے

مگر آنکھوں کا رشتہ ہے نمی سے

محافظ اب چراغوں کا وہی ہے

جو واقف ہی نہیں کچھ روشنی سے

گنوا دوں کیسے میں اس طرح یوں ہی

تجھے پایا ہے میں نے بندگی سے

نگاہوں سے پلا دیتا ہے جب وہ

سنبھلتا میں نہیں ہوں پھر کسی سے

یہیں پر ختم ہوتی ہے کہانی

جدا اب ہو رہا ہوں زندگی سے

وہی جاویدؔ تھا مطلوب اس کو

فرشتہ بن گیا جو آدمی سے

مزید غزلیں از جاوید صدیقی اعظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں