پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جلیل ساز کی غزلیں — Jaleel Saz Ghazals

جلیل ساز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک منظر فریب محبت ہے پیار ہے (غزل)

اک منظر فریب محبت ہے پیار ہے

چہرے بتا رہے ہیں دلوں میں غبار ہے

میں سن رہا ہوں بڑھتی ہوئی شورشوں کی چاپ

دنیا سمجھ رہی ہے فضا سازگار ہے

چل میرے ساتھ اور قدم تول تول کر

صبر و رضا کی راہ بڑی پیچ دار ہے

دن آج کا سکوں سے گزر جائے فکر کر

ہر آنے والے کل کا کسے اعتبار ہے

اس آس کو سنبھال کے فانوس دل میں رکھ

جس آس پر حیات کا دار و مدار ہے

ترتیب دے رہے ہیں چراغوں کی انجمن

وہ لوگ صبح نو کا جنہیں انتظار ہے

اے سازؔ کچھ‌‌ نہ کچھ تو ہے اس لطف خاص میں

ذکر ان کی انجمن میں مرا بار بار ہے

ساحل پہ گوارہ ہمیں مرنا بھی نہیں ہے (غزل)

ساحل پہ گوارہ ہمیں مرنا بھی نہیں ہے

ٹوٹی ہوئی کشتی سے اترنا بھی نہیں ہے

بیٹھے ہیں شب و روز تصور میں اسی کے

وہ راہ گزر جس سے گزرنا بھی نہیں ہے

لکھیں گے بہ ہر حال حکایات جنوں ہم

سچائی قلم میں ہے تو ڈرنا بھی نہیں ہے

احباب بھی اب تیز کیے بیٹھے ہیں ناخن

اب اپنے کسی زخم کو بھرنا بھی نہیں ہے

قاتل کو بلا لاؤ ستم گر کو صدا دو

انکار مجھے موت سے کرنا بھی نہیں ہے

یہ خاک ہے آدم کی دبا اس کو لحد میں

اس خاک کو راہوں میں بکھرنا بھی نہیں ہے

احسان مسافت میں کسی کا نہیں لیتے

دیوار کے سائے میں ٹھہرنا بھی نہیں ہے

مزید غزلیں از جلیل ساز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں