جلیل نعمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مسلسل ترا غم اٹھانے کے بعد (غزل)
مسلسل ترا غم اٹھانے کے بعد
ہم انساں بنے اک زمانے کے بعد
ہنسی کا تو کیا ذکر کیجے کہ ہم
بہت روئے ہیں مسکرانے کے بعد
میں اپنی خطاؤں کو دیتا ہوں داد
وہ کیا ہو گئے روٹھ جانے کے بعد
وفاؤں کا مجھ کو صلہ مل گیا
پشیماں ہیں وہ آزمانے کے بعد
زمانے میں دیوانے کہلائے ہم
ہوا یہ محبت چھپانے کے بعد
ہے کیوں اس قدر ربط برق و بہار
یہ سمجھا نشیمن بنانے کے بعد
اسی سوچ میں کھو گیا ہوں جلیلؔ
کہ بھولا ہوں کچھ یاد آنے کے بعد
نگہ ناز کو بیگانہ بنائے رکھیے (غزل)
نگہ ناز کو بیگانہ بنائے رکھیے
دل کا جو حال ہے ہم سے بھی چھپائے رکھیے
نا امیدی کا بھلا ہو کہ ہم آرام سے ہیں
اپنا پیمان وفا آپ بھلائے رکھیے
یہ زمانہ ہے تراشے گا ہزار افسانے
احتیاطاً ہمیں دیوانہ بنائے رکھیے
بات اب تک تو ہمارے ہی گریباں تک ہے
اپنے دامن کو ذرا آپ بچائے رکھیے
میرا دل ہے اسے پہچانتا ہوں میں لیکن
کیا خبر اب مرے کام آئے نہ آئے رکھیے
اے جلیلؔ ان کی نگاہوں کا بھروسہ کیا ہے
محفل زخم تمنا کو سجائے رکھیے