پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جگدیش سہائے سکسینہ کی غزلیں — Jagdish Sahay Saxena Ghazals

جگدیش سہائے سکسینہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ازل سے بادۂ ہستی کی ارزانی نہیں جاتی (غزل)

ازل سے بادۂ ہستی کی ارزانی نہیں جاتی

اس ارزانی پہ بھی اس کی فراوانی نہیں جاتی

ہجوم رنج و غم نے اس قدر مجھ کو رلایا ہے

کہ اب راحت کی صورت مجھ سے پہچانی نہیں جاتی

ہوئی تھی اک خطا سرزد سو اس کو مدتیں گزریں

مگر اب تک مرے دل سے پشیمانی نہیں جاتی

چمن زار تمنا کا فقط اک پھول مرجھایا

اسی دن سے مرے گلشن کی ویرانی نہیں جاتی

مرے اشکوں سے کیا نسبت تمہیں اے انجم گردوں

کہ ان کی روز روشن میں بھی تابانی نہیں جاتی

مری وحشت میں شاید آ چلے انداز رعنائی

کہ زلفوں کی طرح دل کی پریشانی نہیں جاتی

تو بھی وہاں نہیں محبت جہاں نہیں (غزل)

تو بھی وہاں نہیں محبت جہاں نہیں

ہر آستان حسن ترا آستاں نہیں

الفت کی تھیں دلیل تری بدگمانیاں

اب بد گمان میں ہوں کہ تو بدگماں نہیں

دل کش ہے گلستاں بھی ترے حسن کی طرح

لیکن تری ادا کی طرح دل ستاں نہیں

نعمت ملی ہے تم کو جوانی کی دوستو

افسوس ہے کہ عزم تمہارا جواں نہیں

کیونکر کہوں کہ لوگ ہیں سوئے عدم رواں

اس کارواں میں گرد پس کارواں نہیں

ہے بے نیاز شادی و غم میری بے خودی

یہ وہ چمن ہے جس میں بہار و خزاں نہیں

نادم مرا سکوت کہ ہے قلب سوگوار

دنیا سمجھ رہی ہے خموشی فغاں نہیں

کیوں نہ اپنی ہستیٔ ناشاد کا شکوا کروں (نظم)

کیوں نہ اپنی ہستیٔ ناشاد کا شکوا کروں

رنج و غم گھیرے ہوں جب مجھ کو تو میں بھی کیا کروں

میری قسمت میں لکھی ہے خار صحرا کی خلش

کس توقع پر تمنائے گل رعنا کروں

صبر کا پھل لوگ کہتے ہیں ملے گا ایک دن

آہ کب تک انتظار وعدۂ فردا کروں

کون کرتا ہے مداوا خاطر ناشاد کا

اپنی محرومی کا کس کے سامنے چرچا کروں

دل کے داغوں کو سمجھ لوں کس طرح گلہائے تر

غم سے کیسے ساز و سامان خوشی پیدا کروں

گردش دوراں سے کہہ دو اس پہ میں راضی نہیں

چند ساعت مسکرا کر عمر بھر رویا کروں

میں ازل سے درمیان رنج و راحت ہوں اسیر

غم کو اپناؤں کہ راحت کو کروں تو کیا کروں

ایک مدت سے پریشاں خاطر ناشاد ہے

سوچتا ہوں پارہ ہائے دل کو پھر یکجا کروں

ایک حالت پر کبھی رہتا نہیں مجھ کو قرار

ہر سکوں کے بعد یہ ہے آرزو تڑپا کروں

وہ سکون مستقل ہے یہ ہے پیہم اضطراب

زندگانی کا گلہ یا موت کا شکوا کروں

مزید غزلیں از جگدیش سہائے سکسینہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں