جگدیش مہتہ درد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
الم کی بات کیا سمجھیں خوشی کا راز کیا جانیں (غزل)
الم کی بات کیا سمجھیں خوشی کا راز کیا جانیں
خبر اپنی نہیں جن کو کسی کا راز کیا جانیں
جنہیں پیچیدگی حالات کی پابند رکھتی ہے
وہ جانے بھی کسی کی زندگی کا راز کیا جانیں
یہ عقدہ خاص ہے اس کو کوئی منصور کھولے گا
خرد والے جنون آگہی کا راز کیا جانیں
اسیران فریب آرائیٔ دیر و حرم آخر
سلگتے عارضوں کی دل کشی کا راز کیا جانیں
مناسب تھا یہ موضوع سخن بھی مے پرستوں سے
جناب شیخ لطف مے کشی کا راز کیا جانیں
جناب درد سے پوچھو کہ لطف دل لگی کیا ہے
جو دل رکھتے نہیں دل کی لگی کا راز کیا جانیں
چار دن کی زندگی دوزخ بھی ہے جنت بھی ہے (غزل)
چار دن کی زندگی دوزخ بھی ہے جنت بھی ہے
درد بھی ہے غم بھی ہے راحت بھی ہے عشرت بھی ہے
زخم کھا کر بھولنا آساں نہیں ہوتا مگر
زخم کھا کر بھول جانے کی ہمیں عادت بھی ہے
گاہے گاہے زندگی کی سرد راتوں کے لیے
مے کی خواہش بھی سلگتے جسم کی حاجت بھی ہے
آپ نے اس سلسلہ میں غور فرمایا نہیں
میری رسوائی سے پیدا آپ کی شہرت بھی ہے
کل خدا معلوم کیا انداز ہو حالات کا
آج تنہائی بھی ہے موسم بھی ہے فرصت بھی ہے
دل لگا کر جان بھی دینا مری خصلت رہی
دل لگا کر بھول جانا آپ کی فطرت بھی ہے
دردؔ صاحب آپ کس غم سے پریشاں ہو گئے
زندگی میں غم بھی ہے حسرت بھی ہے آفت بھی ہے