پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جعفر شیرازی کی غزلیں — Jafar Shirazi Ghazals

جعفر شیرازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بجلی کڑکی بادل گرجا میں خاموش رہا (غزل)

بجلی کڑکی بادل گرجا میں خاموش رہا

اس کہرام میں بھی اے دنیا میں خاموش رہا

صبح کی چاپ نے مجھ کو صدا دی میں نے بات نہ کی

شام کی چپ نے مجھ کو پکارا میں خاموش رہا

کتنے گیت بکھیرتے موسم میرے سامنے آئے

میں تھا جاتی رت کا سایا میں خاموش رہا

گزرے میرے پاس سے ہو کر شور بھرے میلے

سیل حوادث تو نے دیکھا میں خاموش رہا

کتنے پانی سر سے گزرے میری زباں نہ کھلی

ساحل ساحل دریا دریا میں خاموش رہا

جعفرؔ دیکھ کے غم برساتی زندگیوں کے سمے

بیت گئی اس دل پر کیا کیا میں خاموش رہا

پتہ ملا ہے وہ تھا میرا ہم سفر بہت دیر بعد جا کر (غزل)

پتہ ملا ہے وہ تھا میرا ہم سفر بہت دیر بعد جا کر

کہاں کہاں سے ملی ہے مجھ کو خبر بہت دیر بعد جا کر

میں مدتوں سقف زندگی پر کھڑے کھڑے تم کو دیکھ آیا

یہ تم بھی کیا ہو کہ آئے مجھ کو نظر بہت دیر بعد جا کر

مری تمنا ہے اب کے تم پھر ملو تو جی بھر کے مسکرائیں

کہ دیکھنا ہے یہ روشنی کا سفر بہت دیر بعد جا کر

مجھے بتاؤ میں کیوں نہ اس اٹھتی دھول کے ساتھ بیٹھ جاؤں

مجھے خبر ہے وہ آئے گا بام پر بہت دیر بعد جا کر

خراب موسم میں ہر شجر سے لرزتے پتوں نے کیا کہا تھا

کہ پھول آنے لگے ہیں اب شاخ پر بہت دیر بعد جا کر

قیامتوں کی طرح گزاریں گے یہ مہ و سال ہجرتوں کے

تمام ہوگا جدائیوں کا سفر بہت دیر بعد جا کر

مری غزل میں جب آئے جعفرؔ نظر انہیں معرکے ہنر کے

ہوئے مرے معترف سب اہل نظر بہت دیر بعد جا کر

مزید غزلیں از جعفر شیرازی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں