اسماعیل راز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پڑی ہے رات کوئی غم شناس بھی نہیں ہے (غزل)
پڑی ہے رات کوئی غم شناس بھی نہیں ہے
شراب خانے میں آدھا گلاس بھی نہیں ہے
میں دل کو لے کے کہاں نکلوں اتنی رات گئے
مکان اس کا کہیں آس پاس بھی نہیں ہے
کسی بھی بات کو لے کر الجھتے رہتے ہیں
یہ ملنا جلنا ہم ایسوں کو راس بھی نہیں ہے
یہاں تو لڑکیاں اچھا سا گھر بھی چاہتی ہیں
ہمارے پاس تو اچھا لباس بھی نہیں ہے
یہ شہر تو بہت اچھا ہے اپنے گاؤں سے
کہ راہ چلتوں کا کوئی تراس بھی نہیں ہے
زندگی تو نے سلوک ایسے کیے ساتھ مرے (غزل)
زندگی تو نے سلوک ایسے کیے ساتھ مرے
وہ تو اچھا ہے کہ باندھے ہوئے ہیں ہاتھ مرے
روز میں لوٹتا ہوں خود میں ندامت کے ساتھ
روز مجھ کو کہیں پھینک آتے ہیں جذبات مرے
میں وراثت میں ملا تھا مرے نا قدروں کو
یعنی ممکن نہیں مل پائیں نشانات مرے
مجھ کو سنیے نظر انداز نہ کیجے صاحب
میرے حالات سے اچھے ہیں خیالات مرے
کل شب میں شہر عشق سے لوٹا جو اپنے گھر (نظم)
کل شب میں شہر عشق سے لوٹا جو اپنے گھر
دروازے طعنے کسنے لگا میرے حال پر
بولا دریچہ کیسے اکیلے ادھر جناب
کیوں اور کہاں پہ چھوٹ گیا ہم سفر جناب
چپ جو ہوا دریچہ تو گونجی صدائے بام
اب کر سکو گے سائے تلے میرے تم قیام
دیوار بولی کرکے مخاطب تمام کو
محتاج ہو گیا ہے بیچارہ کلام کو
اک ہو گئے دریچہ و دیوار و بام و در
میں چپ ہی تھا کہ بول پڑا سارا گھر کا گھر
پائی تھی کائنات ہی تم نے تو پیار میں
کیوں لٹ کے پھر تم آ گئے ہو اس حصار میں