اسماعیل خاں طالب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کہیں زاغ کی رسائی کسی گوشۂ چمن میں (غزل)
کہیں زاغ کی رسائی کسی گوشۂ چمن میں
کہیں خواب تو نہیں ہے مرا ذکر انجمن میں
میں کبھی حریم گل میں کبھی گوشۂ چمن میں
تجھے ڈھونڈھتا رہا ہوں میں ہر ایک انجمن میں
وہ لطیف کیفیت جو تری چشم کی عطا ہے
یہ ودیعت الٰہی کہاں بادۂ کہن میں
وہ حسیں جواں تھے کتنے مری زندگی کے حاصل
جو ملے تھے چند لمحے مجھے تیری انجمن میں
نہیں عزم جس کا تنہا میں وہ رہرو عدم ہوں
مرے دل کی حسرتیں بھی مرے ساتھ ہیں کفن میں
سر بزم ان کی مجھ پر جو نوازش کرم ہے
مرے حاسدوں کے طالبؔ لگی آگ تن بدن میں
رسم ہوتی ہے مری اب بھی ادا میرے بعد (غزل)
رسم ہوتی ہے مری اب بھی ادا میرے بعد
خاک اڑاتی ہے بیاباں میں صبا میرے بعد
عشق کو میرے جنوں کہہ کے نوازا تم نے
ہائے رسوا مجھے کیا کیا نہ کیا میرے بعد
اب مری طرح کسے کھینچ کے شامت لائی
کون ہے حاصل بیداد و جفا میرے بعد
ابر تو چھاتے ہیں مے خانے پہ اب بھی لیکن
لطف معدوم مکدر ہے فضا میرے بعد
میرے جاتے ہی گلستاں پہ اداسی چھائی
پھول تو پھول ہیں سبزہ نہ اگا میرے بعد
پوچھنے والا ہی تھا کون جہاں میں طالبؔ
نام بھی مٹ گیا اچھا ہی ہوا میرے بعد